بھارت اپنے مزموم مقاصدکیلئے اپنی دہشت گرد افواج کے ذریعے نہتے، مظلوم اور محکوم کشمیریوں پر وحشیانہ اور انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیریوں کے آزادی کے نعرہ کو نہیں دبا سکا اور نہ ہی کبھی دبا سکے گا

قائمقام سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر کا بیان

منگل 11 اپریل 2017 15:18

بلوچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اپریل2017ء) سردار فاروق احمد طاہر قائمقام سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت اپنے مزموم مقاصدکیلئے اپنی دہشت گرد افواج کے ذریعے نہتے، مظلوم اور محکوم کشمیریوں پر وحشیانہ اور انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیریوں کے آزادی کے نعرہ کو نہیں دبا سکا اور نہ ہی کبھی دبا سکے گا۔

غیور کشمیری، بھارت کی ہر چال کو اپنے پائوں تلے روندتے ہوئے اقوام عالم کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں کہ وہ اپنی معنی خیز خاموشی کو توڑتے ہوئے حق کا ساتھ دیں نہ کہ ظالم کو ظلم جاری رکھنے کہ شہ دیں۔ سردار فاروق احمد طاہر قائمقام سپیکر نے کہا کہ اقوام عالم پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ بھارت کو ہر طرح سے مجبور کریں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظورشدہ قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے تسلیم شدہ حق خودارادیت پر فی الفور عملدرآمد کرے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں جس قدر دیر ہو رہی ہے یہ دراصل اقوام متحدہ کے ادارہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بنتا جا رہا ہے اور خود اقوام متحدہ کے ادارہ کو بھی اس بات پر غور کرنا چاہیئے کہ آخر اس کے قائم ہونے کا مقصد کیا ہے۔ کیونکہ بھارت جو کہ کُھلے عام اپنے عمل سے یہ بات ثابت کر رہا ہے کہ وہ کشمیریوں کو دبانے کیلئے جو مرضی حربہ استعمال کرے اقوام متحدہ کا ادارہ اُس کا کُچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

اب اس ادارہ کو اپنی ساکھ اگر بچانی ہے تو بھارت کو لگام دینی ہو گی وگرنہ اس ادارے سے مظلوم کا اعتبار اُٹھ جائے گا اور ظالم کا اعتبار بڑھ جائے گا ۔ جو کہ کسی طور بھی انسانیت کے حق میں نہیں ہو گا۔ سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ 69سالہ کشمیر کا سُلگتا ہُوا مسئلہ حل ہونا ہی دراصل امن اور ادارہ اقوام متحدہ کی ساکھ کا ضامن ہے۔ قائمقام سپیکر سردار فاروق احمد طاہر ہے مزید کہا کہ بین الاقوامی دہشت گردی کی آڑ میں مملکت پاکستان کو بے پناہ جانی و مالی نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔

ان حالات میں مُلک کی نظریاتی سرحدوں کو دہشت گردوں اور بھارتی ایجنٹوں کے سپرد نہیں کیا جا سکتا۔ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو نے عدالت میں برملا دہشت گردی میں ملوث ہونے مملکت پاکستان کو نقصان پہنچانے کا اعتراف کر لیا ہے اُس کو سزائے موت دینا انتہائی اہم فیصلہ ہے۔ جس پر عملدرآمد کیا جانا چاہیئے تاکہ دہشت گرد عناصر کی سرکوبی ہوتی رہے۔

سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ بھارتی لابی کے الزامات بے بنیاد ہیں، وہ نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کروا رہا ہے جس کا کوئی قانونی و اخلاقی جواز نہیں اور نہ ہی ہمسائیگی کے اصول ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم کا متفقہ مطالبہ ہے کہ جلد از جلد قانون و انصاف کے مطابق بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو پھانسی پر لٹکایا جائے تاکہ آئندہ دہشت گردوں کی سرکوبی ممکن ہو سکے ۔