تحریک انصاف کا نگران حکومت کی تشکیل سے انتخابات تک کے عمل میں بنیادی تبدیلیوں کا مطالبہ

منگل 11 اپریل 2017 22:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں نگران حکومت کی تشکیل سے انتخابات تک کے عمل میں بنیادی تبدیلیوں کا مطالبہ کر تے ہوئے الیکشن کے ہر مرحلے میں فوج کی نگرانی ضروری قرار دیدی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کو تجویز دی ہے کہ نگران حکومت کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جس میں 50 فیصد حکومتی اور 50 فیصد اپوزیشن ارکان شامل ہوں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری الیکشن کمیشن کیلئے 65 سال عمر کی حد مقرر کی جائے اور اس کی تعیناتی کمیشن خود کرے، ممبران کی تعیناتی پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے کی جائے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے۔پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ انتخابی فہرستیں الیکشن سے 60 روز قبل آویزاں کی جائیں ،ْانتخابی مہم میں جلسوں، جلوسوں ریلیوں اور لائوڈ سپیکر کے استعمال کی اجازت ہونی چاہئے ،ْپی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ ارکان اسمبلی کے انتخابی مہم چلانے پر پابندی ختم کی جائے ،ْ اس کے علاوہ آئندہ عام انتخابات میں پولنگ کے سامان کی نقل و حمل افواج کے ذریعے کی جائے، پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہو اور نتائج مکمل ہونے تک وہاں موجود رہے۔