صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کاگندم خریداری مہم کے سلسلہ میں بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کا دورہ

40 لاکھ میٹرک ٹن گندم13 سو روپے فی من خریدی جائے گی،مڈل مین کی اجارہ داری ختم کرکے کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنائیں گے ‘صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین

منگل 11 اپریل 2017 22:51

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کاگندم خریداری مہم کے سلسلہ میں بہاولپور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2017ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے کہا ہے کہ حکومت کاشتکار کو خوشحال بنانے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لارہی ہے ۔ پنجاب میں17 اپریل سے باردانہ کا اجراء اور20 اپریل سے گندم خریداری کا آغاز کیا جائے گا اور امسال 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم13 سو روپے فی من خریدی جائے گی۔مڈل مین کی اجارہ داری ختم کرکے کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنائی جائے گی۔

بہاول پور ڈویژن میں گندم خریداری کا ہد ف ساڑھے سات لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈی جی خان ڈویژن میں گندم خریداری کا ہد ف چارلاکھ چوہتر ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر بہاول پور ڈویژن اور کمشنر ڈی جی خان کے کمیٹی روم میں گندم خریداری مہم کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمشنر بہاول پور ثاقب ظفر، سیکرٹری فوڈ شوکت علی، ڈائریکٹر فوڈ آصف بلال لودھی، ڈپٹی کمشنر رانا محمد سلیم افضل، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ محمد اجمل،محکمہ فوڈ و ڈویژنل انتظامیہ کے افسران ، ضلعی چیئرمین پی ایف سی حماد ندیم میرانی اور ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر بہاول نگر محمد اظہرحیات، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں سقراط امان رانا کسان تنظیموں کے نمائندے اور فلور ملز کے نمائندے شریک ہوئے۔

جبکہ ڈی جی خان میں اجلاس کمشنر ڈی جی خان کے کمیٹی روم میں ہوا۔صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے ہدایت کی کہ میرٹ اور شفافیت پر مبنی طریقہ کار پر کسانوں کو باردانہ کا اجراء کیا جائے اور کسی کی حق تلفی نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو ترجیحی بنیاد وںپر سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران ، کاشتکاروں کے نمائندے اور عوامی نمائندے سخت مانیٹرنگ کریں اور کسی خریداری مرکز پر بے قاعدگی کی صورت میں ٹال فری نمبر پر شکایت درج کی جائے تاکہ بے قاعدگی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بہاول پور ڈویژن میں گندم خریداری کی70مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں سی28ضلع بہاول پور، 22 ضلع بہاول نگر اور20 ضلع رحیم یارخاں میں شامل ہیں۔اسی طرح ڈی جی خان ڈویژن میں 43 مراکز قائم کیے گیے ہیں جن میں ڈی جی خان میں 9،مظفر گڑھ میں 17،لیہ میں 9 اور راجن پور میں 9مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ باردانہ کے اجراء کے لیے پہلے پندرہ روز میں60 فیصد جبکہ اگلی15 روز میں 40فیصد باردانہ اجراء کیا جائے گا۔

کاشت کاروں کو پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ایک وقت200پٹ سن بوری یا400 پراپلین بیگ کا اجراء کیا جائے گا ۔ اجلاس میں کاشت کاروں کے نمائندوں اور فلور ملز کے نمائندوں نے بھی تجاویز دیں اور مسائل کی نشاندہی کی جس پر صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں پریس کانفرس کرتے ہوئیصوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم خریداری مہم کو صاف شفاف بنانے اور کسانوں و کاشت کاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

اس سلسلہ میں گندم خریداری مراکز پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جہاں محکمہ خوراک ، ضلعی انتظامیہ کا عملہ، نمائندہ کسان اور دیگر اداروں کے نمائندگان موجود ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے امسال40 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ بہاول پور ڈویژن سے ساڑھے سات لاکھ ٹن گندم خریدنے کا ہدف ہے۔ اس سلسلہ میں باردانہ کی فراہمی 17 اپریل سے شروع کردی جائے گی۔

وہ آج کمشنر آفس میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فوڈ پنجاب آصف بلال لودھی، ڈسٹرکٹ چیئرمین پبلک فیسلیٹیشن کمیٹی برائے فوڈ ڈیپارٹمنٹ حماد ندیم میرانی، ڈائریکٹر تعلقات عامہ رانا اعجاز محمود اور میڈیا کے نمائندگان موجود تھے۔ صوبائی وزیر خوراک نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ باردانہ کی تقسیم کا شفاف طریقہ کار بنایا گیا ہے اور مراکز گندم خریداری سے صبح7 سے باردانہ کی فراہمی شروع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت برقرار رکھنے کے لیے نگران عملہ کی بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا گندم خریداری مہم کے دوران پائی جانے والی خامیوں سے میڈیا آگاہ کرے تاکہ اس کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب کے ساتھ ساتھ پاسکو کے مراکز سے بھی گندم خریداری کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :