سپریم کورٹ، ایگزیکٹ کمپنی کے پانچ افسران کے نام ای سی ایل سے نکالنے کے خلاف اپیل خارج

جمعرات 13 اپریل 2017 23:39

سپریم کورٹ، ایگزیکٹ کمپنی کے پانچ افسران کے نام ای سی ایل سے نکالنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2017ء) سپریم کورٹ نے ایگزیکٹ کمپنی کے پانچ سینئر افسران کے نام ای سی ایل سے نکالنے کے خلاف وزارت داخلہ کی اپیل غیر موثر قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔ جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر فریقین کے وکلاء کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایگزیکٹ کمپنی کی ڈائریکٹر سمیت چار افسران کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا، جس کیخلاف وزارت داخلہ نے اپیل کی تھی جس کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع جاری کیا تھا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران وزارت داخلہ کے وکیل نے عدالت سے پیش ہوکر استدعا کی کہ ایف آئی اے کی جانب سے کیس کی تحقیقات جاری ہیں اسلئے افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے تاکہ افسران بیرون ملک فرار نہ ہوجائیں ، عدالت کو ملزمان کے وکیل نے بتایا کہ ایف آئی اے کب سے میرے موکلا ن کیخلاف تحقیقات کررہی ہے لیکن ان کیخلاف تحقیقات میں کچھ ثابت نہیں ہو سکا، اصل معاملہ یہ ہے کہ میرے موکلان کوصرف ہراساں کرنے کیلئے ان کے نام ای سی ایل میںڈالے گئے ہیں بعدازاں عدالت نے پہلے سے جاری حکم امتناعی خارج کرتے ہوئے وزارت داخلہ کی اپیل مسترد کر دی اورمعاملہ نمٹادیا۔