بلاک شناختی کارڈ کی آڑ میں غیر ملکیوں کے کارڈ بحال کرانا درست نہیں ،ْغیر ملکیوں کے کارڈ بنانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے ،ْ امیر حیدر خان ہوتی

جمہوریت کے تسلسل اور وفاق کے استحکام کیلئے تمام اپوزیشن پارٹیوں نے قربانیاں دیں، وفاق کو کمزور نہیں ہونے دینگے ،ْسینیٹر تاج حیدر

جمعہ 14 اپریل 2017 17:45

بلاک شناختی کارڈ کی آڑ میں غیر ملکیوں کے کارڈ بحال کرانا درست نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی امیر حیدر خان ہوتی نے کہاہے کہ بلاک شناختی کارڈ کی آڑ میں غیر ملکیوں کے کارڈ بحال کرانا درست نہیں ،ْغیر ملکیوں کے کارڈ بنانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔ جمعہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر ہڑتالی کیمپ میں آنے والے مختلف جماعتوں کے سینیٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بلاک شناختی کارڈ کے حوالے سے تاثر دیا جارہاہے کہ اے این پی نے غیر ملکیوں اور افغان مہاجرین کے بلاک شناختی کارڈ کھلوانے کے لئے ہڑتالی کیمپ لگایاہے۔

انہوںنے کہاکہ ہم اس حق میں نہیں کہ غیر ملکیوںکو شناختی کارڈ دیاجائے۔ جن لوگوں نے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے ہیں ان کے خلاف کارروائی کون کرے گا۔

(جاری ہے)

امیر حیدر ہوتی نے کہاکہ پختونوں کو کس بات کی سزا دی جارہی ہے ، حکومت کو سمجھے کی ضرورت ہے کہ وفاق کو کمزور کرنے کے لئے سازش کی جارہی ہے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اعظم خان سواتی نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار چیئرمین نے سخت فیصلہ کیا۔

پی پی کے سینیٹر تاج حیدر نے کہاکہ جمہوریت کے تسلسل اور وفاق کے استحکام کے لئے تمام اپوزیشن پارٹیوں نے قربانیاں دیں، وفاق کو کمزور نہیں ہونے دیں گے،ہم اے این پی کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہاکہ ماضی میں اس قسم کا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا کہ چیئرمین سینیٹ کے بار بار موقع دینے کے باوجود ایوان میں سوالات کا جواب دینے کے لئے کوئی وزیر نہیں آیا، ہم چیئرمین سینیٹ کے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر سینیٹر الیاس بلور نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ جس طرح چھوٹے صوبوں کی نمائندگی کرتے ہیں اسی طرح سپیکر کو بھی کرنا چاہیے ،ْسینیٹر اعظم موسیٰ خیل نے کہاکہ چیئرمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوںنے سینیٹ کو چلانے کے لئے اعلیٰ کردار اداکیا۔ پختونوں کے چار لاکھ شناختی کارڈ بلاک ہیں اس معاملہ پر ہم اے این پی کے مؤقف کی تائید کرتے ہیں۔