ای سی سی کی پاکستان سٹیل مل کے ملازمین کیلئے جنوری 2017ء کی تنخواہ کی مد میں 38 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری

سوئی نادرن گیس کیلئے تولنگ گیس فیلڈ سے 10 ملین مکعب فٹ گیس مختص کرنے ‘ وزارت تجارت کو برآمد کنندگان کیلئے وزیر اعظم پیکیج کے تحت مراعات دینے اور وزارت پٹرولیم کو اڑی آئل فیلڈ سے خام تیل کی ترسیل کیلئے انتظامات کی بھی منظوری

جمعہ 14 اپریل 2017 23:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اپریل2017ء) اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی ) نے پاکستان سٹیل مل کے ملازمین کے لئے جنوری 2017ء کی تنخواہ کی مد میں 38 کروڑ روپے جاری کرنے ‘ سوئی نادرن گیس کیلئے تولنگ گیس فیلڈ سے 10 ملین مکعب فٹ گیس مختص کرنے ‘ وزارت تجارت کو برآمد کنندگان کیلئے وزیر اعظم پیکج کے تحت مراعات دینے اور ای سی سی کی وزارت پٹرولیم کو آڑی آئل فیلڈ سے خام تیل کی ترسیل کیلئے انتظامات کی منظوری دیدی۔

(جاری ہے)

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کیلئے جنوری کے مہینے کی تنخواہ کی مد میں 38 کروڑ روپے جار ی کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں تولنگ گیس فیلڈ سے 10 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سوئی نادرن گیس پائپ لائن کو مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم برآمدکنندگان کیلئے مراعات پیکج کے تحت ایکسپورٹ شپمنٹ کے لئے کلیمز کی ڈیڈ لائن 90 دن سے بڑھا کر 120 دن کرنے اور آڑی آئل فیلڈ سے خام تیل ترسیل کرنے کیلئے انتظامات کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ …(رانا)