گیس کنکشنز پر پابندی ہٹانے کی فیصلے سے یوریا، ٹیکسٹائل، پاور سیکٹر، جنرل انڈسٹری اور سی این جی سمیت معیشت کے تمام شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہوںگے، میاں زاہد حسین

ہفتہ 15 اپریل 2017 10:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2017ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ملک بھر کی کاروباری برادری گھریلو اور صنعتی گیس کنکشنز پر عائد پابندی ہٹانے کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے فیصلے کی بھر پور تائید کرتی ہے۔ اس سے عوام اور کاروباری برادری کے مسائل میں کمی آئے گی جبکہ معیشت کے مختلف شعبوں بشمول یوریا، ٹیکسٹائل، پاور سیکٹر، جنرل انڈسٹری اور سی این جی کے شعبے پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

میاں زاہد حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت نے گیس کی کمی سے نمٹنے کیلئے ایران اور ترکمانستان سے گیس کی درآمد میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے کئی اہم اقدامات کئے اور قطر سے ایل این جی کی درآمد کا معاہدہ بھی کیا تاکہ معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس وقت ملک میں ایک ایل این جی ٹرمینل کام کر رہا ہے جس کی استعداد 600 ملین مکعب فٹ روزانہ ہے ۔

تین ماہ کے اندر دوسرا ٹرمینل بھی کام شروع کر دیگا جس سے درآمد ہونے والی گیس کا حجم دگنا ہو جائے گا اور گیس کے بحران میں خاطر خواہ کمی آئے گی جس سے مجموعی صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بجلی کی پیداوار کا سب سے سستا اور فوری ذریعہ گیس ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے کے بعد جہاں معیشت مستحکم ہو گی وہیں گیس کمپنیوں کے ریونیومیں بھی خاطر خواہ اضافے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :