سنی اتحاد کونسل کے بانی چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی چوتھی برسی ملک بھر عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

ہفتہ 15 اپریل 2017 20:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2017ء) سنی اتحاد کونسل کے بانی چیئرمین اور سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی چوتھی برسی ملک بھر عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور انکی دینی و قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ برسی کا مرکزی اجتماع جامعہ رضویہ میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کا دہشتگردوں کے خلاف جرأتمندانہ کردار تاریخ کا روشن باب ہے۔

وہ زندگی بھر انقلاب نظام مصطفی کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔ وہ ایک دیانتدار اور محب وطن قومی رہنما تھے۔ اہل حق صاحبزادہ فضل کریم کے مشن کا جھنڈا سرنگوں نہیں ہونے دیں گے اور ان کے پیروکار اپنے قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دہشتگرد ی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیںگے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ فضل کریم زندگی بھر طالبانائزیشن کے خلاف ایوانوں اور میدانوں میں آواز اٹھاتے رہے۔

سنی اتحاد کونسل کے رہنما صاحبزادہ حسن رضا نے جامعہ رضویہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم زندگی کی آخری سانس تک دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کرتے رہے۔وہ حریت فکر کے مجاہد تھے۔صاحبزادہ فضل کریم اہل حق کے دلیر اور بے باک رہنما تھے۔ان کے مشن کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں طالبانائزیشن کے خلاف سب سے پہلی آواز صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے بلند کی۔

قومی اسمبلی اور صوبائی وزیر کی حیثیت سے صاحبزادہ فضل کریم نے شاندار خدمات سر انجام دیں ۔ سنی اتحاد کونسل بلوچستان کے صدر مولانا وزیر القادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی دینی و قومی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم سفیر امن اور سفیر عشق رسول تھے۔ان کی زندگی کا ہر لمحہ نظام مصطفی کے نفاذ اور مقام مصطفی کے تحفظ کیلئے وقف رہا۔

مفتی فضل جمیل رضوی نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی جرأت مندانہ جدو جہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم محدث اعظم پاکستان کے قابل فخر بیٹے تھے۔وہ زندگی بھر اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ننگی تلوار کی طرح تھے۔مولانا تنویر الاسلام نقشبندی نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کا روشن کردار سیاسی جماعتوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

و ہ بااصول اور باضمیر سیاسی و دینی رہنما تھے۔ارشد مصطفائی نے چھانگا مانگا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم دو مرتبہ قومی اسمبلی اور دو مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے کے باوجود درویشانہ زندگی گزارتے رہے۔صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی برسی کے سلسلہ میں گوجرانوالہ میں مولانا اکبر نقشبندی، سمندری میں علامہ پیر حامد سرفراز قادر ی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، منڈی بہائو الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، واہ کینٹ میں سید جواد الحسن کاظمی ، چنیوٹ میں مولانا سیف سیالوی، میانوالی میں صاحبزادہ عبد المالک ، بھکر میں مولانا محمد موسی طاہر ، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، ناروال میں علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی نے اجتماعات سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :