پنجاب میں سی این جی کی دستیابی بہتر ہو جائے گی،منیجنگ ڈائریکٹر ایس این جی پی ایل امجد لطیف

اتوار 16 اپریل 2017 13:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2017ء) سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل ) کے منیجنگ ڈائریکٹر امجد لطیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں سی این جی کی دستیابی بہتر ہو جائے گی جبکہ اس کی قیمت بھی کم ہو جائے گی۔گیس کمپنی کے نقصانات میں کمی لائی جا چکی ہے جسے مزید کم کیا جائے گا۔ ایس این جی پی ایل کے ایم ڈی امجد لطیف نی آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین غیاث عبداللہ پراچہ کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ گیس کی چوری اور دیگر نقصانات دس فیصد سے کم کر کے آٹھ فیصد کر دئیے گئے ہیں جنھیں جولائی تک سات فیصد تک پہنچا دیا جائے گا۔

ایل این جی کے ری گیسیفیکیشن چارجز کم ہو گئے ہیں جسکی وجہ سے سی این جی کی قیمت بھی کم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اوگرا کا کورم پورا ہوتے ہی پنجاب میں سی این جی کی قیمت کم ہو جائے گی جس سے عوام اور ڈیلرز کو فائدہ ہو گا۔ اس موقع پر غیاث پراچہ نے کہا کہ امجد لطیف کو مختلف اہم آسامیوں پر کام کرنے کا پینتیس سالہ تجربہ ہے اور انھوں نے گیس کمپنی کے نقصانات کو کم کرنے کیلئے بہت تگ و دو کی ہے اسی لئے کاروباری برادری نے ان سے بہت سے توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔ ۔ وفد میں اے پی سی این جی اے کے دیگر رہنما بھی موجود تھے جنھوں نے امجد لطیف کو ایم ڈی کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ گیس کے شعبہ کی ترقی کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :