وفاقی وزیر ریلوے کا ٹرین کوچز میں آتشزدگی کے واقعات کا نوٹس،ریلوے حکام کو فائیرفائٹنگ کیلئے دنیا میں استعمال ہونے والی بہترین ٹیکنالوجی اور کیمیکلز کے حصول کی ہدایت

پیر 17 اپریل 2017 23:53

وفاقی وزیر ریلوے کا ٹرین کوچز میں آتشزدگی کے واقعات کا نوٹس،ریلوے حکام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اپریل2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹرین کوچز میں آتش زدگی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے حکام کو فائیرفائیٹنگ کے لیے دنیا میں استعمال ہونے والی بہترین ٹیکنالوجی اور کیمیکلز کے حصول کی ہدایت کر دی۔ وہ پیر کو ریلوے ہیڈکوارٹرزآفس لاہور میں منعقدہ اعلی سطح اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں کے کہا کہ پاکستان ریلویز اس سلسلے میں ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کی مہارت سے بھی مدد حاصل کرے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ڈی جی ریسکیو ڈاکٹررضوان نصیر سے بھی رابطہ کیا اور آئی جی پاکستان ریلویز پولیس منیر احمدچشتی کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی کمیٹی بھی قائم کی جس میں ڈی آئی جی ریلویز شارق جمال، ایڈیشنل جنرل منیجرمکینکل انصر بلا، سی ایم ای لوکو عدنان شافع بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرریلویز نے کہا کہ مسافر بردار کوچز کے ساتھ ساتھ لوکو موٹیوز، ریلوے اسٹیشنوں ، ریلوے ہیڈکوارٹرز سمیت تمام دفاتر اور بالخصوص ریلوے ورکشاپوں میں آگ بجھانے کا جدید ترین نظام لایا جائے کہ ہمارے لیے ہمارے کارکنوں کی صحت، زندگی اور سلامتی بہت اہم ہے۔ وزیر ریلویز کو بتایا گیا کہ دوبرسوں میں زیادہ ترواقعات شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوئے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ریلوے فائیر فائیٹنگ کی اس ٹیکنالوجی کے حصول کو یقینی بنائے جو چند سیکنڈ میں آگ بجھانے کی اہلیت رکھتی ہو۔(ار)