لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) نے ملک بھر میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کرلیا

منگل 18 اپریل 2017 18:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) نے ملک بھر میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے صدر چوہدری ذوالفقار کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں طے پایا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس جس روز منعقد ہوگا اس روز (ق) لیگ کے نوجوان پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی خود ائرکنڈیشنوں میں بیٹھتے ہیں جبکہ عوام گھروں میں بجلی سے محروم ہوکر سڑکوں پر ذلیل وخوار ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھنے والوں کو کمروں سے باہر نکلنے پر مجبور کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے پنجاب حکومت کو ریکوزیشن پر 24 اپریل کو اجلاس بلا رکھا ہے۔ (اے ملک)