اسلام آباد اور دیگر شہروں میں استحقاق نہ رکھنے والے 1056 افراد کو سرکاری رہائش گاہیں الاٹ کی گئیں، گزشتہ 5سالوں کے دوران پی ایس او میں 117 افراد بھرتی کئے گئے،اگلے دو سالوں تک آئی پی پیز کی جانب سے 7528 میگاواٹ بجلی کے اضافے کی توقع ہے ،2017ء کے دوران حج گروپ آرگنائزرز کی تعداد 743 ہے،رواں مالی سال کے دوران 1368 میگاواٹ کے پانچ نئے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی منظوری پی پی آئی بی کی جانب سے دی گئی ہے رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی ،گزشتہ تین سالوں کے دوران کئی ڈیم تعمیر کرنے کا آغاز کیا ، پانی کی گنجائش 12 لاکھ 45 ہزار 905 ایکڑ فٹ ہوگی، آغاز حقوق بلوچستان پروگرام کے تحت الیکشن کمیشن نے پچھلے 3 سال کے دوران 8 افراد کو بھرتی کیا گیا

وفاقی وزراء شاہد خاقان عباسی ،ریاض پیرزادہ ،وزرائے مملکت امین الحسنات،عابد شیر علی اوردیگرکے ایوان بالا میں سوالوں کے جواب

منگل 18 اپریل 2017 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2017ء) حکومت کی طرف سے ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد اور دیگر شہروں میں استحقاق نہ رکھنے والے 1056 افراد کو سرکاری رہائش گاہیں الاٹ کی گئی ہیں۔ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پی ایس او میں 117 افراد بھرتی کئے گئے،اگلے دو سالوں تک آئی پی پیز کی جانب سے 7528 میگاواٹ بجلی کے اضافے کی توقع ہے ،2017ء کے دوران حج گروپ آرگنائزرز کی تعداد 743 ہے،رواں مالی سال کے دوران 1368 میگاواٹ کے پانچ نئے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی منظوری پی پی آئی بی کی جانب سے دی گئی ہے۔

رمضان کے دوران صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا اور سحر و افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی ،گزشتہ تین سالوں کے دوران کئی ڈیم تعمیر کرنے کا آغاز کیا ہے جن میں پانی کی گنجائش 12 لاکھ 45 ہزار 905 ایکڑ فٹ ہوگی۔

(جاری ہے)

ملک میں گیس کی پیداوار کے حوالے سے ضلع سانگھڑ کا پانچواں نمبر ہے۔ آغاز حقوق بلوچستان پروگرام کے تحت الیکشن کمیشن نے پچھلے تین سال کے دوران آٹھ افراد کو بھرتی کیا گیا۔

منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے وزارت ہائوسنگ کی طرف سے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد اور دیگر شہروں میں سرکاری رہائش گاہوں کے لئے 22 ہزار 932 وفاقی سرکاری ملازمین جنرل ویٹنگ لسٹ پر رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور دیگر شہروں میں استحقاق نہ رکھنے والے 1056 افراد کو سرکاری رہائش گاہیں الاٹ کی گئی ہیں۔

کسی بھی نجی شخص کو رہائش گاہ الاٹ نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ اے وزارت کا ذیلی ادارہ ہے جس کی اپنی سکیمیں ہیں اور وہ بھی اپنی سکیموں میں خود الاٹمنٹ کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے وزارت ہائوسنگ کی طرف سے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ گرین انکلیو ون ہائوسنگ سکیم بھارہ کہو میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کے تحت رجسٹر کئے گئے 1942 ممبران کو عبوری آفر لیٹرز کے ساتھ ادائیگی شیڈول بھیج دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد الاٹیوں کو قبضہ دے دیا جائے گا۔ کام کے آغاز سے تین سال کے عرصہ میں منصوبہ مکمل ہوگا۔وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پی ایس او میں 117 افراد بھرتی کئے گئے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے 549 افراد کو جبکہ پی ایس او میں 117 افراد کو بھرتی کیا گیا۔

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے بتایا کہ پاکستان نے قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے کشش پیدا کر دی ہے۔ اس شعبہ میں پچھلے تین سالوں کے دوران 2 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ حکومت نے اس شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش مراعات دی ہیں۔وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ نے کہا ہے کہ 2017ء کے دوران حج گروپ آرگنائزرز کی تعداد 743 ہے۔

2016ء میں حج گروپ آرگنائزرز کی تعداد 742 تھی جو ایک اضافہ کے ساتھ اب 743 ہو چکی ہے۔ 2015-16ء میں 539 ٹوور آپریٹرز کو جبکہ 2016-17ء میں 537 آپریٹرز کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے حج انتظامات کو بہت بہتر کیا ہے اور حج کو آسان بنایا گیا ہے۔وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران 1368 میگاواٹ کے پانچ نئے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی منظوری پی پی آئی بی کی جانب سے دی گئی ہے۔

واپڈا نے رواں مالی سال کے دوران تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی منظوری دی ہے جو 1410 میگاواٹ کا منصوبہ ہے۔ پی پی آئی بی کے تحت 1368 پانچ نئے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ان میں 350 میگاواٹ اٹھ مقام ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 58 میگاواٹ کارٹرٹو ناز، 330 میگاواٹ کا تھرکول بیسڈ تھل نودا پراجیکٹ اور 300 میگاواٹ کا درآمد شدہ کول بیس پاور پراجیکٹ گوادر شامل ہیں۔

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے بتایا کہ ہائیڈل، کوئلہ، سولر اور ونڈ پاور پلانٹس کی تنصیب اور بجلی پیدا کرنے کے کئی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے جو جون 2017ء اور 2018ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لائن لاسز کم کرنے کے لئے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بہتر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ساتھ مسلسل رابطوں کے ذریعے وصولیوں میں اضافہ اور نقصانات میں کمی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں کچھ فیڈرز انڈیپنڈنٹ ہیں اور کچھ مکس ہیں۔ جو فیڈر صرف صنعتی ہیں وہاں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی البتہ ایسے فیڈرز جو مکس ہیں وہاں چند گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے بتایا کہ سال 2013ء سے 2016ء کے دوران 73 چھوٹے ڈیم تعمیر کئے گئے ہیں، ان میں سے 36 چھوٹے ڈیم بلوچستان میں تعمیر کئے گئے ہیں، چھ خیبر پختونخوا، 30 سندھ اور ایک گلگت بلتستان میں ہے۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں بلوچستان کا کوٹہ 6 فیصد ہے۔ پچھلے تین سالوں کے دوران ایک ڈائریکٹر، دو ڈپٹی ڈائریکٹرز، دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، تین سینئر اسسٹنٹ، چار جونیئر پرسنل اسسٹنٹ، چار جونیئر اسسٹنٹ، چار سب اسسٹنٹ اور چار نائب قاصد بھرتی کئے گئے۔ ان سب کا تعلق بلوچستان سے ہے۔سینیٹر مختار عاجز دھامرہ کے سوال کے جواب میں وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی طرف سے بتایا گیا کہ ضلع سانگھڑ میں گیس کے نئے کنکشنز پر کوئی پابندی نہیں۔

کابینہ نے 12 اپریل 2017ء کو ملک بھر میں نئے قصبوں اور دیہات تک گیس کی توسیع پر پابندی اٹھا لی ہے۔ کمپنیاں نیٹ ورک اور مطلوبہ فنڈز کی دستیابی کے حساب سے گیس کنکشن فراہم کرتی ہیں۔ ایس ایس جی کے نیٹ ورک پر نئے گھریلو کنکشن کی مدت 45 دن ہے۔(اچ)