’’قوم کی بچی نورین لغاری‘‘ کے مستقبل کو بچانے کیلئے آرمی چیف کے جذبہ کا خیرمقدم کرتے ہیں،ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

گذشتہ14 سالوں سے قید تنہائی جھیلنے والی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے آرمی چیف سے مدد کی اپیل کرتے ہیں، عافیہ موومنٹ کی رہنما کا جاری بیان

منگل 18 اپریل 2017 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2017ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ’’قوم کی بچی نورین لغاری‘‘ کے مستقبل کو بچانے اوراس کے والدین کی اپیل پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فوج کے جذبہ کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں۔پاک فوج کی بروقت کاروائی نے پاکستانی قوم کو ایک بڑی تباہی اور بدنامی سے بچالیا۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں اور اس میں بسنے والے 22 کروڑ پاکستانی شہریوں کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی معصوم اور بے گناہ ہے جو جرم بے گناہی کی پاداش میں گذشتہ14 سالوں سے قید تنہائی میں ہے۔

(جاری ہے)

وہ ذہین، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور انسانیت سے محبت کرنے والی محب وطن پاکستانی شہری ہے۔

پاکستان اور دنیا بھر کے ماہرین قانون عافیہ پر عائد الزامات کو مسترد اور امریکی عدالت میں چلائے گئے من گھڑت الزام پر مبنی مقدمہ کی غیرمنصفانہ کاروائی کو مسترد اور غیرقانونی قراردے چکے ہیں۔امریکی جیل میںعافیہ کی صحت کی بارے میں اطلاعات انتہائی تشویشناک ہے۔پاکستان کے 22 کروڑ عوام ہی نہیں دنیا بھر کے انسانیت اور انصاف کے علمبردار افراد عافیہ کی وطن واپسی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے ان کی والدہ عصمت صدیقی اور ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کئی مرتبہ اپیل کرچکی ہیں ۔ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ عافیہ کو اللہ تعالیٰ نے غیرمعمولی ذہانت عطا کی ہے۔ وہ ماہرتعلیم ہے اور اس نے تعلیمی شعبے میں پی ایچ ڈی کی اعلیٰ ترین ڈگری حاصل کی ہے ۔وہ وطن واپس آکرتعلیمی شعبے میں ملک اور قوم کی خدمت کرکے مفید شہری ثابت ہو گی۔ پاکستانی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کا بنیادی فریضہ ہے۔عافیہ کو واپس لاکر آئینی فریضہ ادا کیا جائے۔ہم آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ سے عافیہ کی وطن واپسی کیلئے ایک مرتبہ پھرمدد کی اپیل کرتے ہیں۔