ترک صدرکو کامیابی پر مبارکباد،بشار الاسد کا محاسبہ کریں گے، ٹرمپ

امریکی صدرکا ایردوآن کو فون، دہشت گردی اور داعش کے خلاف جاری فوجی کارروائی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 19 اپریل 2017 13:28

ترک صدرکو کامیابی پر مبارکباد،بشار الاسد کا محاسبہ کریں گے، ٹرمپ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ شام میں خان شیخون کے مقام پر نہتے شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں سے حملے پر بشار الاسد کو معاف نہیں کرسکتے۔ بشار الاسد کو کیمیائی حملے کا حساب دینا ہوگا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائیٹ ہائوس سے جاری بیان میں کہاگیاکہ انہوں نے ترک صدر طیب ایردوآن کو ملک میں صدارتی طرز حکمرانی کے لیے دستور میں تبدیلی کے لیے کیے گئے ریفرنڈم میں کامیابی پر مبارک باد بھی پیش کی۔

وائیٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے ترک ہم منصوب رجب طیب ایردوآن کو ٹیلیفون کیا اور انہیں کامیاب ریفرنڈم پر مبارک باد پیش کی۔ ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ خان شیخون میں نہتے شہریوں پر کیمیائی حملہ ناقابل قبول ہے اور بشار الاسد کو اس جرم کا حساب دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق دونوں رہ نماؤں نے شام کے شہر ادلب میں خان شیخون کے مقام پر چار اپریل کو کیے گئے کیمیائی حملے کی جامع تحقیقات اور اس میں ملوث عناصر کو کڑی سزا دینے کے مطالبے سیاتفاق کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کی جانب سے شامی فوج کے الشعیرات ہوائی اڈے پر امریکی فوج کے میزائل حملوں کی حمایت پر ایردوآن کا شکریہ ادا کیا۔ٹیلیفونک بات چیت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور داعش کے خلاف جاری فوجی کارروائی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :