ہم اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کر کے راہنمائی اور مدد لیں تو یقینا ہم دنیا میں اچھا مقام پیدا کر سکتے ہیں، جسٹس (ر) چوہدری فضل کریم

بدھ 19 اپریل 2017 20:43

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2017ء) اگر ہم اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کر کے راہنمائی اور مدد لیں تو یقینا ہم دنیا میں اچھا مقام پیدا کر سکتے ہیں۔کیونکہ اللہ تعالی کے بنائے گئے قوانین میں انسانوں کے لیے خود احتسابی کا عمل بھی شروع ہو تا ہے ۔ان خیالات کا اظہار سپریم کورٹ کے جسٹس (ر) چوہدری فضل کریم نے سیشن کورٹ کے کانفرنس روم میں تمام ججز سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ ،رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ خورشید انور رضوی،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد یوسف اوجلہ ،ایڈیشنل سیشن ججز عنبرین قریشی ،سجاد افضل،محمد اجمل خان راجہ،زبیر شہزاد کیانی ،سینئر سول جج احمد حسنین خان، سول ججز ارتعاش احمد ،قدیر حسین بٹ،قدیر بٹ ،احمد مجتبی انورفاروقی،کے علاوہ دیگر ججز موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علم کا حصول ہماری زندگی میں کامیابی کا راز ہے کیونکہ پروفیسر جیمز جینز نے علامہ عنایت اللہ المشرقی کے خطابات سن کر اتنا متاثر ہوا پوچھا کہ آپ کیا ہیںجس پر انہوں نے جواب دیا کہ مجھے وہ جان سکتا ہے جس کے پاس علم ہو ۔اسی لئے میں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایک لائبریری بنا نے کا سوچا جس پر 38لاکھ روپے لاگت آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ آج ہم لوگوں میں شعور کا بیدار نہ ہو نا لائبریریاں نہ ہونے کی وجہ سے ہے کیونکہ کہ پیرس میں گیارہ سو اور لندن میں 286لائبریریاں ہیں جبکہ لاہور میں صرف چھ لائبریریاں ہیں ۔

جبکہ اس لائبریر ی جس کا آج سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔اس سے عدلیہ کے ججز ،وکلاء مستفید ہو سکیں گے چیف جسٹس لاہور ہانی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے اس لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا اور دعا کی گئی۔