انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کی کاروائی-شیخوپورہ میں مقابلے کے دوران تحریک طالبان پاکستان کے8دہشت گرد ہلاک‘بھاری مقدار میں اسلحہ بارود برآمد-دہشت گردی لاہور میں بڑے پیمانے پر تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہے تھے-ترجمان سی ٹی ڈی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 20 اپریل 2017 10:38

انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کی کاروائی-شیخوپورہ میں مقابلے کے دوران ..
شیخوپورہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20اپریل۔2017ء) پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 8 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے لاہور میں تباہی کا بڑا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شیخوپورہ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر نارنگ کے نزدیک کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور جماعت الاحرار کے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ترجمان کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سی ٹی ڈی کی ٹیم دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی میں کامیاب ہوئی اور انہیں ہتھیار ڈالنے کے لیے کہا مگر دہشت گردوں نے فائرنگ کا آغاز کردیا۔

(جاری ہے)

جس پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی، تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوگئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ مقابلے کے دوران 8 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے، جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 3 سے چار دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے 3 کلو بارودی مواد، پرائماکورڈ، 3 کلاشنکوف رائفلز اور 5 پستول برآمد ہوئیں۔ مقابلے کے دوران زخمی سی ٹی ڈی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔