پیپلز پارٹی کے ارکان نے لاپتہ افراد کے معاملہ پر قومی اسمبلی اجلاس سے واک آئوٹ کیا

جمعرات 20 اپریل 2017 14:19

پیپلز پارٹی کے ارکان نے لاپتہ افراد کے معاملہ پر قومی اسمبلی اجلاس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عوام کو پارلیمنٹ توقعات ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی امیدوں، امنگوں اور ان کی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایوان کے اندر یہ بات کہتے ہوئے مسلسل دسواں دن ہے کہ اس ایوان نے 23 ویں آئینی ترمیم منظور کی۔

ہمارا یہ خیال تھا کہ اس کا استعمال سیاسی کارکنوں پر ہوگا مگر اعلیٰ ترین سطح سے ہمیں یقین دلایا گیا کہ ایسا نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے آئین میں تحفظ دیا گیا کہ جس کو بھی اٹھایا جائے گا اسے 24 گھنٹوں کے اندر عدالت میں پیش کیا جائے گا مگر ابھی تک حکومت کی طرف سے ہمیں جواب نہیں دیا گیا۔ ہمارے اٹھائے گئے تین آدمیوں کے حوالے سے حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا ۔انہوں نے کہا کہ فیصلے پارلیمنٹ کے اندر ہونے چاہئیں۔ اگر پارلیمنٹ مستحکم ہوتی تو عوام کو عدالتوں کے فیصلے کا انتظار نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایوان سے آج بھی پورے دن کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی کے ارکان ایوان سے واک آئوٹ کر گئے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے ارکان نے ان کا ساتھ دیا۔