حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی کیس کی سماعت 27اپریل تک ملتوی

جمعرات 20 اپریل 2017 15:11

حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی کیس کی سماعت 27اپریل تک ملتوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2017ء) لاہور ہائی کورٹ نے جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی کے حوالہ سے دائر کیس کی سماعت 27اپریل تک ملتوی کر دی ۔جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس صداقت علی خاں کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی توفاضل عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کو عدالت میں تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ مجھے محکمہ داخلہ کی طرف سے بھجوائی گئی رپورٹ ابھی کچھ دیر قبل ہی ملی ہے اور میں اسے جمع کروارہا ہوں۔

فاضل عدالت نے سرکار ی وکیل کے اس جواب پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو یہ رپورٹ پہلے جمع کروانی چاہیے تھی تاکہ حافظ محمد سعید کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ بھی اسے دیکھ لیتے اورکیس کو آگے بڑھایا جاتا۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل کے جواب جمع کروانے پر لاہور ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 27اپریل تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر حافظ محمد سعید کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ حکومت کی طرف سے جمع کروائے گئے جواب کے حوالہ سے دلائل دیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ میں حافظ محمد سعید سمیت پانچ رہنمائوںجن میں پروفیسر ظفر اقبال، مفتی عبدالرحمن عابد، عبداللہ عبید اور قاضی کاشف نیازشامل ہیں‘ کی طرف سے اپنی نظربندی کو چیلنج کیا گیا ہے۔حافظ محمد سعید کیس کی سماعت کے دوران جماعةالدعوة کے رہنمائوں سمیت وکلاء ، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :