پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ یو ایس ایڈ صوبہ پنجاب کے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کام کررہے ہیں،عہدیداران لاہور چیمبر

جمعرات 20 اپریل 2017 19:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2017ء) پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ یو ایس ایڈ صوبہ پنجاب کے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کام کررہے ہیں، دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ 200سائیلوز تعمیر کیے جارہے ہیں جو فوڈ سکیورٹی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنائیں اور غلے کو محفوظ رکھیں گے۔ یہ بات لاہور چیمبر، یو ایس ایڈ اور نجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار میں بتائی گئی۔

لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، نائب صدر محمد ناصر حمید خان، سیکریٹری پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ شوکت علی، ڈپٹی مشن ڈائریکٹر یوایس ایڈ پاکستان جولی چن اور پبلک و پرائیویٹ سیکٹرز کے نمائندوں نے اس موقع پر خطاب کیا۔ جولی چن نے کہا کہ پاکستان گندم پیدا کرنے والا 9واں بڑا ملک ہے، یہ شعبہ سرمایہ کاری کے فروغ اور دیہی علاقوں کے لوگوں کا معیارِ زندگی بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوایسڈ پاکستان کے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے ۔ سیکریٹری پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ شوکت علی نے کہا کہ پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو حکومت پنجاب نے فارم کے نزدیک 200سائیلوز تعمیر کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے جس میں دوملین میٹرک ٹن گندم سٹور کی جاسکے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ یوایس ایڈ کی جانب سے 200جدید سائیلوز تعمیر کرنے میں مدد فراہم کرنا خوش آئند ہے اس سے زرعی شعبے کی ترق میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زرعی پیداوار کا ایک بڑا حصہ پوسٹ ہارویسٹ ٹیکنالوجی کے فقدان کی وجہ سے ضائع ہوجاتا ہے ، یو ایس ایڈ اس سلسلے میں بھی پاکستان کی مدد کرے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر ناصر حمید خان نے توقع ظاہر کی کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز کے درمیان پارٹنرشپ سیکٹرز کے درمیان شراکت داری کے بہترین نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے یوایس ایڈ اور پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو لاہور چیمبر کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ (قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :