ہم عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہوئے ہیں استعفا کیوں دیں ماروی میمن

جے آئی ٹی تحقیقات ہی کیلیے بن رہی ہے ،ْ ہماری لیڈر شپ جے آئی ٹی میں سوالوں کے جوابات دے گی ،ْ انٹرویو

جمعہ 21 اپریل 2017 14:09

ہم عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہوئے ہیں استعفا کیوں دیں ماروی میمن
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ ہم عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہوئے ہیں استعفا کیوں دیں ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم ایک رن سے نہیں بلکہ ہزاروں رنز سے جیتے ہیں کیونکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کو نااہل قرار نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ جب یہ نہیں کہہ رہی کہ وزیراعظم محمد نواز شریف صادق اور امین نہیں تو پھر یہ بات بالکل واضح ہے کہ وزیرعظم محمد نواز شریف صادق اور امین ہیں جو ہماری جیت ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہاکہ جب ہم سرخرو ہو گئے ہیں تو پھر استعفیٰ کیوں دیں، استعفیٰ تو وہ دیتے ہیں جو شکست خوردہ ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی تحقیقات ہی کے لیے بن رہی ہے اس لیے ہم اس جے آئی ٹی میں سوالوں کے جوابات دے دیں گے اور معزز ججز کو مطمئن کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے خاندان پر جھوٹے الزمات لگانے والوں کو جب عدالت عظمیٰ میں ثبوت پیش کرنے پڑے تو انہوں نے وہاں یہ تسلیم کیا کہ انکے پاس تو کوئی ثبوت نہیں، ہمارا کام تو صرف الزامات لگانا ہے ثبوت فراہم کرنا تو نہیں تاہم عدالت میں الزامات کو ثابت کرنے کے لیے ٹھوس ثبوت بھی پیش کرنے پڑتے ہیں۔

ماروی میمن نے کہاکہ عدالت عظمیٰ کا پاناما کے حوالے سے فیصلہ ملکی عوام کیلئے خوشی کا باعث بنا کیونکہ پاکستانی عوام اپنے قائد وزیراعظم محمد نواز شریف سے محبت کرتی ہے جس کا ثبوت وہ انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے دیتے ہیں۔ کچھ لوگ وزیراعظم محمد نواز شریف کی نااہلی کا سوچ رہے تھے جنہیں منہ کی کھانا پڑی ہے اور وزیراعظم ایک مرتبہ پھر سرخرو ہو گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :