کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے،حکومت پاکستان بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مسئلہ اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے،حافظ سعید کو نظریہ پاکستان اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی وجہ سے نظربند کیا گیاہے،جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ کا ملتان میںا جتماع سے خطاب

جمعہ 21 اپریل 2017 22:24

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2017ء) چئیرمین تحریک حرمت رسول ؐ اور جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر میں معصوم طلباء پر پیلٹ گن کے چھرے اور گولیاں برسائی جارہی ہیں۔نام نہاد الیکشن ڈرامہ کی ناکامی نے پوری دنیا پر اصل صورتحال و اضح کر دی ہے۔کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔

حکومت پاکستان بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مسئلہ اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے۔حافظ محمد سعید کو نظریہ پاکستان اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی وجہ سے نظربند کیا گیاہے۔ مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مددوحمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع اعظم الاسلامیہ قاسمپور کالونی نزد گرڈ اسٹیشن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جمعہ میں شہر و گردونواح سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مولانا امیر حمزہ کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک بڑھتی چلی گئی کرفیو کی باوجود کشمیری گھروں سے باہر نکلے ہیں۔کشمیری سڑکوں پر پاکستانی پرچم لہرائے جا رہے ہیں پاکستانی پرچموں میں شہداء کو دفن کیا جا رہا ہے۔پاکستان کے تمام طبقات کو بیدار ہو کر کشمیریوں کے لیے کھڑے ہو جانا چاہیے۔

جماعة الدعوة بغیر کسی سیاسی مفاد کے کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ انسانی حقوق کے علمبرداروں کو کشمیر میں بھارتی ظلم کیوں نظر نہیں آتا۔ مسلمان جہاں جہاں مظلوم ہیں ان کی بات کوئی نہیں کرتا ۔ کشمیر کے لیے آواز اٹھانے والوں کو نظر بند کیا جارہا ہے ۔کشمیری قربانیاں دے کر تھکے نہیں ہیں پاکستان کو اپنی شہہ رگ بچانے کی فکر کرنی چاہیے۔

آزادی کشمیر کیلئے کشمیری وپاکستانی قوم ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔ کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ کشمیریوں کی تحریک کو کمزور کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہو چکیں ،جلد آزادی انکا مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ حافظ محمد سعید کیخلاف ماضی میں بھی بے بنیاد الزامات لگائے جاتے رہے ہیں تاہم لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے اپنے فیصلوں پر واضح طور پر قرار دیا تھاکیا کہ حافظ محمد سعید یا جماعةالدعوة کے کسی اور رہنما کیخلاف لگایا گیا کوئی الزام ثابت نہیں ہے۔

اب بھی ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ انہیں محض بھارتی و امریکی دبائو پر نظربند کیا گیا ہے۔ بیرونی قوتوں کی کوشش ہے کہ حکومت پر دبائو بڑھا کر انہیں نظربند رکھا جائے تاکہ وہ وطن عزیزپاکستان کیخلاف اپنی مذموم سازشوں اور ایجنڈوں کو پروان چڑھا سکیں۔حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کو فی الفور رہاکرنے کی ضرورت ہے۔