وزیراعلیٰ پنجاب سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن لو شنشے کی ملاقات ، مختلف امور پر تبادلہ خیال

شہبازشریف پنجاب کی تعمیر و ترقی کے معمار ہیں ، انہوں نے عملی طو رپر کام کرکے دکھایاہے، صوبے میں تیزی سے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ،شہباز شریف کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو پاکستان کے علاوہ چین میں بھی سراہا جاتا ہے چینی صوبے جیانگ ژی کے پارٹی سیکرٹری لو شنشے کی گفتگو جیانگ ژی اور پنجاب میں تعلقات بڑھانے کیلئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی با صلاحیت قیادت پاکستان کے پاس موجود ہی:

ہفتہ 22 اپریل 2017 18:47

وزیراعلیٰ پنجاب سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن لو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن اور چینی صوبے جیانگ ژی کے پارٹی سیکرٹری لو شنشے نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پنجاب اور جیانگ ژی کے مابین تعاون کو فروغ دینے اور کمیونسٹ پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مابین روابط بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن اور چینی صوبے جیانگ ژی کے پارٹی سیکرٹری لو شنشے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کی تیز رفتار ترقی میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کانمایاں کردار ہے۔شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب میں تیزی سے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور بلاشبہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایک پرعزم اور وژنری لیڈر ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے حقیقی معنوں میں ترقی کی ہے اور وزیر اعلیٰ کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو پاکستان کے علاوہ چین میں بھی سراہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت وزیر اعلیٰ پنجاب ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے پاک چین تعلقات بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ شہبازشریف پاکستان خصوصاً پنجاب کی تعمیر و ترقی کے معمار ہیں اور انہوں نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی طو رپر کام کرکے دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور جیانگ ژی کے مابین تعلقات بڑھانے کا یہ سنہرا موقع ہے کیونکہ درست وقت ، درست مقام اور درست رہنماموجود ہیں۔درست وقت سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ کی صورت میں موجود ہے۔ جبکہ درست مقام پنجاب جوکہ پاکستان کا سب سے ترقی یافتہ صوبہ ہے کی صورت میں ہمارے سامنے ہے اور درست رہنما وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں موجود ہیں اور یہ ہی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے اور دونوں صوبائی حکومتوں کے مابین اشتراک بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔انہوں نے کہا کہ اس دورے سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان روابط بڑھیں گے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر کا عظیم ساتھی ہے۔

سی پیک پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے۔چین نے کمیونسٹ پارٹی کی عظیم قیادت میں ترقی کی منازل طے کی ہیں اوراقوام عالم کیلئے چین کی ترقی رول ماڈل ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میں پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔پنجاب اورچینی صوبے جیانگ ژی کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت معاشی تعاون بڑھانے کا ہے۔

سی پیک کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی اشتراک میں اضافہ کرنا ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون دونوں پارٹیوں کی قیادت میں قریبی راوبط کا مظہر ہے۔چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، چینی وفد کے اراکین، صوبائی وزراء شیر علی خان، عائشہ غوث پاشا، نعیم اختر بھابھہ، ایم این اے پرویز ملک، مشیر عمر سیف، مسلم لیگ (ن) کے سینئر خواجہ احمد حسان اور اعلیٰ حکام اس موقع پر موجود تھے۔