جے آئی ٹی میں مجرم ثابت ہونے کے بعد مٹھائی کھانے والوں کو ڈوب مرنا چاہئے، مولا بخش چانڈیو

پی پی نے کوئی این آر او چھپ کر رات کی تاریکی میں نہیں کیا اور نہ ہی ملک کو چھوڑ کر بھاگے، سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی نوازشریف کو اپنے وزیر نے عزیر بلوچ اور ذوالفقار مرزا کے ساتھ ملا دیا اور آپ کی وقعت دکھا دی’’ٹھاکر تم تو گئے، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 22 اپریل 2017 19:33

جے آئی ٹی میں مجرم ثابت ہونے کے بعد مٹھائی کھانے والوں کو ڈوب مرنا چاہئے، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2017ء) پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی میں مجرم ثابت ہونے کے بعد مٹھائی کھانے والوں کو ڈوب مرنا چاہئے،پی پی نے کوئی این آر او چھپ کر رات کی تاریکی میں نہیں کیا اور نہ ہی ملک کو چھوڑ کر بھاگے نوازشریف جے آئی ٹی زدہ وزیراعظم ہے تسلیم نہیں کرینگے،نوازشریف کو اپنے وزیر نے عزیر بلوچ اور ذوالفقار مرزا کے ساتھ ملا دیا اور آپ کی وقعت دکھا دی’’ٹھاکر تم تو گئے‘‘۔

ان خیالات کا اظہار مولا بخش چانڈیو نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کو سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں چور قرار دیا ہے اور جے آئی ٹی وزیراعظم سے تحقیقات کیلئے بنائی ہے اور جے آئی ٹی صرف مجرموں سے سچ اگلوانے اور حقائق سامنے لانے کیلئے بنائی جاتی ہے اب کیا وزارت عظمیٰ کا منصب جے آئی ٹی کے سامنے جانے کا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت نے نوازشریف کو چور ثابت کردیا ہے اور کتنی شرم کی بات ہے کہ ایٹمی ملک کا وزیراعظم جے آئی ٹی زدہ ہے اب اس جے آئی ٹی زدہ وزیراعظم کو کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا کیونکہ اب نوازشریف صادق اور امین نہیں رہا ہے۔مولانا بخش چانڈیو نے کہا کہ عابد شیر علی نے جن جنگلیوں والی زبان استعمال کی ہے وہ ایک پاگل آدمی ہی ایسے بول سکتا ہے اور سیاسی لوگ گالیاں نہیں دیتے ہیں بلکہ دلیل سے بات کرتے ہیں اور گالیاں تو صرف پاگل دیتے ہیں اور پتھر بھی پاگل اٹھاتے ہیں،نوازشریف کو اپنے وزیر عابد شیر علی نے ہی ذوالفقار مرزا اور عزیز بلوچ کیلئے جے آئی ٹی بنانے کے مطالبے پر وزیراعظم کو اسکی اوقات دکھا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجرم ثابت ہونے کے بعد ہی مٹھائی کھانے والوں کو ڈوب کر مرجانا چاہئے اور اب نواز کرسی کے بچانے کا نہیں بلکہ ذلت کا خاتمہ کریں۔مسلم لیگ(ن) میں اچھے لوگ بھی موجود ہیں جو کہ چپ کر بیٹھ گئے ہیں اور کچھ لوگ مال بنانے کیلئے بول رہے ہیں پہلے چوہدری نثار فیصلہ پڑھے بغیر چپ تھے لیکن جب انہوں نے فیصلہ پڑھ لیا تو پھر وہ بھی آگ بگولا ہوگیا،پنجاب میں شہباز شریف اربوں لگا رہا ہے اسکو تو کوئی کچھ نہیں کہتا ہے لیکن آصف زرداری نے پنجاب میں تہلکہ مچا دیا ہے،آصف زرداری شیردل لیڈر ہیں نہ تو وہ بھاگے اور نہ ہی معافیاں مانگی ہیں۔

پیپلزپارٹی نے کبھی بھی این آر او رات کی تاریکی میں نہیں کئے اور جو غلطیاں اگر ہوئی تو انکو اپنی عوام کے سامنے تسلیم بھی کیا ہے لیکن مسلم لیگ(ن) کی طرح رات کی تاریکی میں این آر او کرکے ملک سے باہر نہیں بھاگ گئے۔آصف زرداری نے تمام جھوٹے الزامات کا سامنا کیا اور عدالتوں سے بری ہو کر آئے لیکن نوازشریف کو تو عدالت نے جھوٹا مجرم ثابت کیا ہے۔بے نظیر بھٹو کو بھی در در کی ٹھوکریں کھلائیں لیکن وہ بھی ملک میں باعزت ہو کر واپس آئیں۔مولابخش چانڈیو نے شیخ رشید کے وزیراعظم کو’’پپو‘‘ کے جملے کے حوالے سے کہنا تھا کہ کہ اب تو وزیراعظم محمد نوازشریف کہیں گے’’پپویار تنگ نہ کر‘‘بلکہ وزیراعظم ہاؤس کے باہر بورڈ لگوا لیں۔(ولی)