حکمران اقتدار کے چکروں میں عوامی مسائل سے بالکل لاتعلق ہوچکے ہیں‘ میاں مقصود احمد

2018تک ملک سے بجلی بحران ختم کرنے کے دعوے محض وقت گزاری کے سواکچھ نہیں‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

ہفتہ 22 اپریل 2017 19:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کا سکون غارت اور مشکلات میں اضافہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے،لوگوں کو کسی بھی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔کئی علاقوں میں سارا سارا دن مینٹینس کے نام پر بجلی کی فراہمی منقطع کردی جاتی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، گرمی بڑھتی ہی ملک میں بجلی کا شارٹ فال7ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرچکا ہے جوکہ حکمرانوں کی چار سالہ کارکردگی کی بدترین مثال ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکمران طبقے کی جانب سے مارچ2018تک ملک سے بجلی بحران ختم کرنے کے دعوے محض وقت گزاری کے سواکچھ نہیں حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔

(جاری ہے)

جو حکمران چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی باتیں کررہے تھے اب2018کی باتیں کرکے عوام کوبے وقوف بنانے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔

اقتدار کی ہوس نے حکمرانوں کو عوامی مسائل سے بالکل لاتعلق کردیا ہے۔ایک طرف توانائی بحران دن بدن سنگین ترہوتاجارہاہے تو دوسری طرف رہی کسر اووربلنگ نے پوری کردی ہے۔شہروں میں14گھنٹے اور دیہات میں 18گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کے باوجود صارفین کو ہزاروں روپے کے بل باقاعدگی سے وصول ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صنعتیں بند ہونے سے ملک میں بے روزگاری کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران سنجیدگی سے توانائی بحران کے خاتمے کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات کریں۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ملک سے توانائی بحران سے جان چھڑانے کے لیے کالاباغ ڈیم سمیت تمام چھوٹے بڑے ڈیم فی الفور تعمیر کرکے سستی بجلی کو پیداکیاجائے۔فرنس آئل سے مہنگی بجلی کی دستیابی عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث ہے۔