خاتون سے جھگڑے کے بعد امریکن ایئر لائنز نے معافی مانگ لی

خاتون مسافر اور ان کے خاندان کو پہنچنے والی تکلیف کے لیے انتہائی معذرت خواہ ہیں، ایئر لائن

ہفتہ 22 اپریل 2017 22:32

خاتون سے جھگڑے کے بعد امریکن ایئر لائنز نے معافی مانگ لی
سان فرانسسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2017ء)امیریکن ایئر لائنز نے اپنے ایک ملازم کو سان فرانسسکو میں ایک بچہ گاڑی (پرام) پر خاتون کے ساتھ جھگڑا کرنے پر ملازمت سے نکال دیا ہے۔اس واقعے کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے مسافر کا کہنا ہے کہ جب اس ملازم نے زبردستی پرام ہٹانے کی کوشش کی تو وہ اس بچے کی ماں کو جا کر لگا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب وہاں موجود ایک اور مسافر نے انھیں روکنے کی کوشش کی تو اس ملازم نے کہا کہ ’مجھے مارو! آؤ، آجاؤ سامنے۔

‘امیریکن ائیر لائنز کا کہنا ہے کہ ’وہ اس خاتون مسافر اور ان کے خاندان کو پہنچنے والی تکلیف کے لیے انتہائی معذرت خواہ ہیں۔‘امیریکن ائیر لائنز کے جہاز پر یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سان فرانسسکو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پرواز 591 اڑنے کے لیے تیار تھی۔

(جاری ہے)

فیس بک پر ویڈیو پوسٹ کرنے والے مسافر سورین ادیانتھایا کا کہنا ہے کہ جو ویڈیو انھوں نے اپ لوڈ کی ہے اس سے قبل ’اس ملازم نے انتہائی غصے سے پرام اس بچے کی ماں سے لی، جس دوران پرام اس خاتون کو لگی اور بہت ہی کم فاصلے سے وہ بچہ محفوظ رہا۔

‘ایک مرد مسافر نے پہلے تو اس ملازم کے نام کا مطالبہ کیا اور پھر جب امیریکن ایئر لائنز کی وردی میں ملبوس ایک شخص طیارے میں داخل ہوا تو اس مسافر نے کہا: ’سنو، اگر میرے ساتھ ایسا کیا گیا ہوتا تو میں تمھیں مار گراتا۔‘ملازم نے مسافر سے پہلے تو کہا کہ ’آپ اس معاملے سے دور رہیں۔‘ تاہم بعد میں انھوں نے کہا: ’مجھے مارو، آؤ، آجاؤ سامنے۔

‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ کو اصل کہانی کا علم ہی نہیں ہے۔‘ جس پر مسافر نے جواب دیا کہ ’مجھے نہیں پروا کہانی کی، تم اس بچے کو زخمی کرنے والے تھے۔‘خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ دنوں یونائیٹڈ ایئر لائنز کی ایک فلائٹ سے زبردستی باہر نکالے جانے والے ایک شخص کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔امیریکن ایئرلائنز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ ویڈیو ہماری اقدار اور جیسے ہم مسافروں کا خیال رکھتے ہیں، اس کی بالکل ترجمانی نہیں کرتی۔ ہم ان خاتون مسافر اور ان کے خاندان اور ہر اس صارف سے معذرت خواہ ہیں جنھیں اس واقعے سے تکلیف پہنچی ہے یا وہ متاثر ہوئے ہیں۔‘۔