این ٹی ایس نے خیبرایجنسی کے طلباء کو ضرورت کی بنیاد پر وظائف کی فراہمی کیلئے ایک کروڑ روپے مختص کئے ہیں

اتوار 23 اپریل 2017 18:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2017ء) نیشنل ٹیسٹنگ سروس آف پاکستان(این ٹی ایس) نے خیبرایجنسی کے طلباء کو ضرورت کی بنیاد پر وظائف کی فراہمی کیلئے ایک کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں این ٹی ایس اور خادم الخلق فائونڈیشن کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ خادم الخلق ایک سماجی تنظیم ہے جو اس وقت خیبرایجنسی میں ساتویں تا بارہویں جماعت کے طلباء و طالبات کیلئے تعلیم کیلئے معاونت کررہی ہے، مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این ٹی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شیرزادہ خان نے کہا کہ اس رقم میں مکمل ٹیوشن فیس، وظیفہ اور طلبہ کے متعلقہ اخراجات شامل ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس اپنے قیام سے اب تک ضرورت کی بنیاد پر وظائف پروگرام کے تحت تعلیمی وظائف پر17کروڑ روپے خرچ کرچکی ہے اور تعلیمی شعبہ میں این ٹی ایس اپنا تعمیری کردار ادا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر این ٹی ایس نے کہا کہ پاکستانی عوام کی سماجی اور معاشی بہتری کیلئے این ٹی ایس نے ایک سی ایس آر شعبہ قائم کیا ہے جو کارپوریٹ سوشل رسپانسبیلٹی کے تحت کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکالر سپس جاری کرنے کا مقصد نادار اورمستحق طلبہ کو تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ این ٹی ایس مل میں میرٹ کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے خیبرایجنسی کے طلباء کیلئے تعلیمی وظائف کی فراہمی کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :