ساہیوال میں 100میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی ، طوفانی بارش ، بجلی کا نظام درہم برہم

مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے ایک شخص جاں بحق، آٹھ افراد شدید زخمی، گندم کا کھلیان جل گیا

اتوار 23 اپریل 2017 23:00

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2017ء) ضلع ساہیوال میں 100میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی اور طوفانی بارش بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا 12گھنٹے تک بجلی کی سپلائی معطل ، گندم کے کھلیان کو آگ لگ گئی امریکہ پلٹ کی گندم جل کر خاکستر ہو گی، مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے ایک جاں بحق آٹھ افراد شدید زخمی ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی رات کو 11بجے سے صبح 2بجے تک ضلع ساہیوال میں 100میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی کے سبب سینکڑوں درخت گر گئے بجلی کی سپلائی لائنوں پر درخت گرنے کے سبب بجلی کی تاریں اور کھمبے ٹوٹ گئے جس کی وجہ سے بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ، آبادی جہاز گرائونڈ ، یاد گار چوک ، پاکپتن چوک ، طارق بن زیاد کالونی ، کوٹ خادم علی شاہ ، ہڑپہ ساہیوال روڈ ، جناح ٹائون ہڑپہ کی آبادیوں میں تاریں اور کھمبے ٹوٹنے کے سبب بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی واپڈا میپکو کے حکام نے 12گھنٹے سے 14گھنٹے تک کی جدو جہد کے بعد تاروں کی مرمت اور کھمبے لگانے کے بعد بجلی کی سپلائی بحال کر دی جبکہ ان آبادیوں میں بارش بعد گلیاں اور بازار پانی سے بھر گئے ، پانی کے نکاس کا انتظام نہ ہونے کے سبب بارش کا ایک ، ایک فٹ اونچا پانی ابھی تک کھڑا ہے مگر میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

چک -12ای بی میں ایک دیوار گرنے سے ایک 60سالہ بوڑھا باباکرما ں جاں بحق ہوگیا جبکہ دو مکانوں کی چھتیں اور پردے گرنے سے آٹھ افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں سکینہ ، اللہ جوائی کی ہسپتال میں حالت نازک ہے۔ جبکہ آندھی کے دوران ایک پاکستان نژاد امریکی شہری حاجی ریاض احمد کے چک 11-18ایل میں گندم کی کٹائی کے بعد 10ایکڑ گندم کی 1200بھریاں کھلیان میں پڑی تھیں کہ سیگریٹ کے شعلہ سے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے 800سے زائد بھریاں جل گئیں جبکہ 400 بھریاں ریسکیو1122کی ٹیم نے آگ پر قابو پا کربچا لیا ۔