یونس خان نے ٹیسٹ میچز میں دس ہزار رنز مکمل کرکے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا، یونس خان کرکٹ کے بہترین رول ماڈل ہیں، پی سی بی مستقبل میں یونس خان کی صلاحیتوں سے مستفید ہو، سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد، رمیز راجہ و دیگر کا اظہار خیال

پیر 24 اپریل 2017 13:24

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) مایہ ناز بلے باز یونس خان کی طرف سے ٹیسٹ میچز میں دس ہزاد رنز مکمل کرنے پر جہاں انہیں آئی سی سی سمیت دنیا بھر سے مبارکبادیں مل رہی ہیں وہاں پر موجودہ اور سابق قومی کرکٹرز بھی ان کی کامیابی پر خوش ہیں اور انہیں دلی مبارکباد دے رہے ہیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا کہ یونس خان نے ٹیسٹ میچز میں دس ہزار رنز مکمل کرکے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا ہے اور وہ نوجوان کرکٹر کے رول ماڈل بن گئے ہیں۔

اس سنگ میل کو عبور کرنے پر میں انہیں دلی مبارکباد دیتاہوں ،دوسری جانب سابق کپتان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے بھی یونس خان کو یہ اعزاز حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ یونس خان کی ہمت، عزم اور مشکل حالات میں معیاری باؤلنگ کے خلاف اسکور کرنے کی صلاحیت ہے، جس نے انھیں یہ کامیابی دلائی۔

(جاری ہے)

رمیز راجہ نے یونس خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یونس خان کا دس ہزار رنز مکمل ہونا پاکستان کرکٹ کا تاریخی لمحہ ہے۔ ایسے کارنامے روز روز نہیں ہوتے۔ یونس خان کرکٹ کے بہترین رول ماڈل ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ یونس خان کرکٹ کی خدمت کیلئے بنے ہیں، پی سی بی مستقبل میں یونس خان کی صلاحیتوں سے مستفید ہو۔

سکندر بخت کہتے ہیں یونس خان جیسا کرکٹر اس اعزاز کا حق دار ہے۔انہوں نے پاکستان کا نام روشن کردیا۔ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے یونس خان کو دس ہزار رنز کے کلب میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یونس خان پر فخر ہے۔ یونس نے ہمیشہ ہی نوجوان کرکٹرز کی مدد کی ہے ۔نوجوان کرکٹر علی سلمان کا کہنا ہے کہ یونس جیسے بلے باز روز روز نہیں پیدا ہوتے ۔

انہوں نے ملک کے لئے بہترین خدمات سر انجام دیں ۔انہیں ابھی ریٹائرمنٹ نہیں لینی چاہئے بلکہ مزید چند سال اور ملک کی خدمت کرنی چاہئے ۔کرکٹر ذوالقرنین حیدر کا کہنا ہے کہ یونس خان نے دس ہزار رنز بناکر ملک کے لئے ایک کارنامہ سر انجام دیا ہے اور انہیں اپنی ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہئے ۔رانا نوید الحسن کا کہنا ہے کہ یونس خان بہترین بلے باز ہیں اور انہوں نے دس ہزار رنز کا ہدف عبور کرکے ملک کا نام روشن کیا ہے۔یونس خان اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں خود بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں ۔