کیمیائی حملے کے جواب میں شام پر امریکہ کی وسیع تر پابندیاں

وسیع پابندی کا ہدف شام کے آمر بشار الاسد کا سائنسی سپورٹ سینٹر ہے،امریکی وزیرخزانہ کا بیان

منگل 25 اپریل 2017 11:56

کیمیائی حملے کے جواب میں شام پر امریکہ کی وسیع تر پابندیاں
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) امریکہ نے رواں ماہ کے اوائل میں مشتبہ کیمیائی حملے کے جواب میں شامی حکومت کے اہلکاروں پر وسیع پابندی عائد کر دی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خزانہ نے شام کے سائنٹفک سٹڈیز اینڈ ریسرچ سینٹر (ایس ایس آر سی) کے 271 ملازمین کی تمام املاک کو منجمد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

امریکی وزارت خزانہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایس ایس آر سی کے 271 ملازمین اس غیر روایتی ہتھیار کو بنانے، تیار کرنے اور فراہم کرانے کے لیے ذمہ دار تھے۔ان پابندیوں کا مطلب یہ ہے کہ کوئی بھی امریکی شہری ان سے کسی قسم کا لین دین نہیں کر سکیں گے۔وزیر خزانہ سٹیون منوشین نے کہا کہ 'اس وسیع پابندی کا ہدف شام کے آمر بشار الاسد کا سائنسی سپورٹ سینٹر ہے جس کے خوفناک کیمیائی حملے میں بے قصور شہریوں، خواتین اور بچوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

امریکہ اس پابندی کے ذریعے ایک سخت پیغام دینا چاہتا ہے کہ ہم انسانی حقوق کی اس صریح خلاف ورزی کے لیے پورے اسد حکومت کو ذمہ دار قرار دیں گے تاکہ اس قسم کے بہیمانہ کیمیائی اسلحے کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔امریکہ کا خیال ہے کہ باغیوں کے قبضے والے قصبے خان شیخون میں جو 80 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں وہ اعصاب پر اثر انداز ہونے والے عوامل سے ہوئی ہیں۔

جبکہ شام نے اسے جھوٹ قرار دیا ہے۔شام کے صدر بشارالاسد نے چار اپریل کو خان شیخون میں رونما ہونے والے واقعات کو مغرب کی کارستانی بتائی ہے تاکہ امریکہ کو شامی حکومت کے ایئر بیس پر میزائل حملے کا بہانہ مل سکے۔خیال رہے کہ اس واقعے کے چند روز بعد حکومتی ایئربیس شعیرات پر امریکہ نے حملہ کیا تھا۔شاہدین کا کہنا تھا کہ انھوں نے خان شیخون پر جنگی طیاروں کے حملے دیکھے ہیں لیکن صدر اسد کے اہم حلیف روس کا کہنا ہے اس میں باغیوں کے کیمیائی اسلحوں کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ہے۔فوٹیج میں اس کے شکار افراد کے چہروں پر تشنج اور جھاگ دیکھا جا سکتا ہے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ اس حملے سے متاثرہ افراد کو سرحد پار ترکی کے ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :