مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجلی بحران کے خاتمے کے لیے ہائیڈل، گیس اور کوئلے کے منصوبے شروع کیے تاکہ صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جا سکے،وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 26 اپریل 2017 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں بجلی بحران کے خاتمے کے لیے ہائیڈل، گیس اور کوئلے کے منصوبے شروع کیے تاکہ صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جا سکے۔ منگل کو ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی بہتر صورت حال کی وجہ سے مختلف عوامی فلاحی منصوبوں میں بڑی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی کا باعث بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بالخصوص تھر میںکوئلے کے زخائر موجود ہیں اور ان علاقوں میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ان علاقوں میں بھی بجلی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں کے ادوار میں بجلی بحران کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی اسی لیے یہ بحران شدت اختیار کرتا چلا گیا لیکن ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک سے بجلی بحران کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کوششیں شروع کر دیں جن کی بدولت ماضی کی نسبت آج لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قومی گرڈسسٹم میں بجلی شامل کرنے کے لیے توانائی کے متعدد منصوبے شروع کیے، آئندہ سال 2018ء میں بھی 525میگا واٹ بجلی قومی گرڈسسٹم میں شامل کی جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں سحروافظار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں صنعتی شعبے کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔