ڈی جی آئی ایس آئی کی مریم نواز شریف سے قریبی رشتہ داری کی بات پر قائم ہوں ‘ اعتزاز احسن

بدھ 26 اپریل 2017 17:10

ڈی جی آئی ایس آئی کی مریم نواز شریف سے قریبی رشتہ داری کی بات پر قائم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی مریم نواز شریف سے قریبی رشتہ داری کی بات پر قائم ہوں ، پانامہ کیس میں پانچوں ججز نے قطری خط کو مسترد کیا اور اس کے بعد جے آئی ٹی بنانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ (ن) لیگ کو یہ تکلیف ہو رہی ہے کہ میں نے ڈی جی آئی ایس کی مریم نواز سے قریبی رشتہ داری کی بات کی ہے لیکن میں اب بھی اپنی بات پر قائم ہوں اور وزیر مملکت برائے طلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی اس کی تردید نہیں کی ۔

اس معاملے میں پہلے پراپیگنڈا کیا گیا لیکن یہ کیوں نہیں مان لیتے کی ان کی قریبی رشتہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں شریف خاندن نے اپنی جائیدادیں تسلیم کی ہیں لیکن عدالت میں کوئی دستاویز ات پیش نہیں کی گئیں ۔فاضل بنچ کے پانچوں ججز صاحبان نے قطری شہزادے کے خط کو مسترد کر دیا اس کے بعد جے آئی ٹی کی ضرورت نہیں تھی ۔ بہت مشکل ہے کہ جے آئی ٹی قانونی تقاضے پورے کر سکے گی۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے گالم گلوچ بریگیڈ بنا رکھی ہے جس میں وفاقی اور صوبائی وزراء بھی شامل ہو رہے ہیں ۔