حمایت اللہ مایار کی جانب سے شوکاز نوٹس کا جواب مل گیا ہے۔ امیر حیدر ہوتی

بدھ 26 اپریل 2017 22:39

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ اے این پی مردان کے ضلعی صدر و ضلع ناظم حمایت اللہ مایار کی جانب سے اُن کو دئیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب مل گیا ہے جس میں اُنہوں نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں مشال خان شہید کے واقعے کے حوالے سے پارٹی سے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔

پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے اس کے جواب میں کہا ہے کہ حمایت اللہ مایار کا پارٹی سے مشال خان شہید کے واقعے پر غیر مشروط معافی اس شرط پر منظورکر لی گئی ہے کہ وہ آئندہ اس قسم کی غلطی نہیں کریں گے اور پارٹی پالیسی پر من و عن عمل پیرا ہوں گے۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ پارٹی نظم و ضبط اور پالیسی کے تابع ہونا سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی کے کسی فرد یا عہدیدار کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ کسی مسئلے پر ذاتی رائے مسلط کرنے کی کوشش کرے یا ذاتی رائے کا اظہار پبلک فورم پرکرے۔ اُنہوں نے کہا کہ کسی فرد یا عہدیدار کی ذاتی رائے کے اظہار کیلئے پارٹی کا منتخب فورم موجود ہے جہاں پارٹی میں کھل کر اظہار رائے کا موقع ملتا ہے اور متعلقہ فورم کے ممبرز کو پوری اجازت ہوتی ہے۔امیر حیدر خان ہوتی نے اُمید ظاہر کی کہ حمایت اللہ مایار آئندہ اس قسم کی غلطی نہیں دُہرائیں گے اور پارٹی اُن کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :