پاکستان اور آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومتیں ناکامی کاشکار ہوچکی ہیں ‘ آزادکشمیر میں سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ اب میڈیکل کالجز کے طلبہ بھی سڑکوں پرآچکے ہیں

پیپلزپارٹی آزدکشمیر کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر حکومت چودھری پرویز اشرف کی مختلف وفود سے بات چیت

جمعرات 27 اپریل 2017 16:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزدکشمیر کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر حکومت چودھری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومتیں ناکامی کاشکار ہوچکی ہیں ۔ آزادکشمیر میں سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ اب میڈیکل کالجز کے طلبہ بھی سڑکوں پرآچکے ہیں ۔ امن وامان کی صورتحال انتہائی مفلوج ہوچکی ہے ۔

لہذا پاکستان کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر میں بھی نئے الیکشن کروائے جائیں ۔ وہ آج یہاں مختلف وفود سے گفتگوکررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت عوام سے جو وعدے کر کے آئی تھی ان میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں ہوسکا اور وہ بوکھلاہٹ کاشکار ہو کر اپوزیشن پر بے بنیاد اور غلط الزامات لگا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت کے تمام الزامات جھوٹ ثابت ہوئے ۔

اپوزیشن کو اسمبلی فورم پر بولنے نہیں دیاجارہاہے ۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے اسمبلی کے باہر اسمبلی کااجلاس بلالیا ۔ ہمارے دور حکومت میں ہم نے اپوزیشن کو کبھی بھی حکومتی ممبران سے کم فنڈز نہیں دیئے اورنہ ہی ان کے ساتھ کوئی انتقامی کارروائی کی لیکن موجودہ حکومت نے تھوڑی سی اپوزیشن کو بھی برداشت نہیں کیا ، ان کے تمام فنڈز روک کر اپوزیشن کے حلقوں میںہارے ہوئے امیدواروں کے ذریعے تقسیم کئے جارہے ہیں ۔

اور اسی وجہ سے پیپلزپارٹی نے اسمبلی گیٹ کے باہر حکومت کیخلاف احتجاج شروع کردیا ہے ۔ اور عوامی اسمبلی قائم کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزادکشمیر بھر میں تمام ضلعی صد مقامات میں دھرنے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے اندر اپوزیشن پر جھوٹے الزمات لگائے گئے جس کی بعد میں حکومت کو معافی مانگنا پڑی، اسی طرح حکومت نے محکمہ تعلیم میں انتقامی کارروائیوں کے ذریعے سینکڑوں اساتذہ کو مشرق سے مغرب اور مغرب سے مشرق تبادلہ جات کردیئے ۔

جس سے تعلیمی نظام تباہ ہوچکا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مختلف محکموں کے ملازمین اپنی تنخواہوں کیلئے سڑکوں پر احتجاج پرمجبور ہیں۔ اب بے نظیر بھٹوشہید میڈیکل کالج کے طلبہ بھی اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر مظاہرے کررہے ہیں ۔ اس سے پہلے کہ آزادکشمیر میں حالات خراب ہوجائیں ، نئے انتخابات کروائے جائیں۔