شمالی وزیرستان : افغان سرحد کے نزدیکی علاقے میں امریکی ڈرون حملہ ،متعدد طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ

امریکی ڈرون کے میزائل حملے میں 3 مزدور، ٹی ٹی پی کے 7 جنگجو ہلاک ہوئے، سینئر طالبان کمانڈر بھی شامل ، طالبان ترجمان عبداللہ وزیرستانی ایک مکان پر دو میزائل گرتے دیکھے جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی، میں 'وہاں سے جس قدر دور جاسکتا تھا چلا گیا، قبائلی رہنما

جمعرات 27 اپریل 2017 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2017ء) پاکستان کے افغانستان سے منسلک سرحدی علاقے شمالی وزیرستان میں مبینہ امریکی ڈرون کے میزائل حملے میں متعدد طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے گروپ شمالی وزیرستان طالبان کے ترجمان عبداللہ وزیرستانی کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون کے میزائل حملے میں 3 مزدور اور ٹی ٹی پی کے 7 جنگجو ہلاک ہوئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے مطابق قبائلی رہنما ملک وحید اللہ نے بتایا کہ انھوں نے پہار پر قائم ایک مکان پر دو میزائل گرتے دیکھے جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی، میں 'وہاں سے جس قدر دور جاسکتا تھا چلا گیا'۔ٹی ٹی پی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک سینئر طالبان کمانڈر عبدالرحمٰن بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

امریکی حکام نے فوری طور پر حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

خیال رہے کہ 2014 میں شمالی وزیرستان طالبان کے کنٹرول میں تھا تاہم پاکستان آرمی کی جانب سے گروپ کے خلاف آپریشن کے آغاز کے بعد اس تنظیم کے متعدد جنگجو افغانستان فرار ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ گذشتہ کچھ سالوں میں پاکستان کی زمین پر امریکی ڈرون حملون کی تعداد انتہائی کم رہی ہے جبکہ گذشتہ سال امریکا نے پاکستان کے جنوبی صوبے بلوچستان میں افغان سرحد سے منسلک ایک علاقے میں ڈرون کے میزائل حملے میں افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور کو ہلاک کردیا تھا۔۔