صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کاگندم خریداری مہم کے سلسلہ میں ملتان،خانیوال،ساہیوال اوراوکاڑہ کا دورہ ، بارردانہ کے اجراء اور گندم خریداری میں 100فیصد شفافیت کو یقینی بنا یا جائیگا، کسی قسم کی شکایت ملی تو ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کریں گے ،وزیر خوراک

جمعرات 27 اپریل 2017 22:55

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کاگندم خریداری مہم کے سلسلہ میں ملتان،خانیوال،ساہیوال ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2017ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شبہاز شریف صوبہ میں گندم خریداری مہم کی خود نگرانی کررہے ہیں اس لیے باردانہ کے اجراء اور گندم خریداری میں 100فیصد شفافیت کو یقینی بنا یا جائے کسی قسم کی شکایت ملی تو ذمہ دار سرکاری اہلکار کو نہیں چھوڑا جائیگا۔ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو گندم کا پورا معاوضہ دلائے گی اور کسی صورت ان کا استحصال نہیں ہونے دیا جائیگا ۔

انہوں نے یہ بات گندم خریداری مراکز ملتان اورخانیوال کے اچانک معائنہ کے دوران کہی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال ‘ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو منظور چانڈیو ‘اسسٹنٹ کمشنر آغا ظہیر شیرازی ‘ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ودیگر افسرا ن بھی موجو دتھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک نے موقع پر موجود کاشتکاروں اور ان کے نمائندگان سے مراکز خرید گندم پر فراہم کی جانیوالی سہولتوں اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور کاشتکاروں کی نشاندہی پر ان کے معمولی نوعیت کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات دئیے کاشتکاروں نے مجموعی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور اطمینان کا اظہار کیا ۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر سنٹر پر تعینات کوآرڈینٹرز اور دیگر عملہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر اس بار گندم خریداری مہم کی سخت نگرانی کی جارہی ہے تمام خریداری مراکز پر ریونیو ریکارڈ کمپوٹرائزڈ ہونے سے بیوپاریوں اورکمیشن مافیا کا کردار ختم کردیا گیا ہے کسی کو کاشتکار کا استحصال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی ۔

ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ضلع خانیوال میں گندم خریداری کا ہدف ایک لاکھ پچاسی ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے چودہ گندم خریداری مراکز پر حکومت پنجاب کی طرف سے دئیے گئے احکامات کے مطابق انتظامات کیے گئے ہیں کاشتکاروں کے بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ کرسیاں اور پینے کا ٹھنڈا پانی فراہم کیا گیا ہے ۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں سے گندم کے آخری دانے کی خرید تک مہم کو جاری رکھا جائے ۔ بعد ازاں وزیر خوراک نے ساہیوال اور اوکاڑہ میں گندم خریداری مراکز کا بھی دورہ کیا۔