بگ تھری کا خاتمہ، بھارتی کرکٹ بورڈ کا چیمپینز ٹرافی کا بائیکاٹ کرنے پر غور

جمعہ 28 اپریل 2017 13:12

بگ تھری کا خاتمہ، بھارتی کرکٹ بورڈ  کا چیمپینز ٹرافی کا بائیکاٹ کرنے ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بگ تھری کے خاتمے کا فیصلہ،بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپینز ٹرافی کا بائیکاٹ کرنے پر غور شروع کر دیا ۔ بگ تھری کے خاتمے کا فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ایک روز قبل ہونے والی جنرل میٹنگ میں ہوا جہاں ہونے والی ووٹنگ کے دوران بگ تھری کے خاتمے کے حق میں 8 ووٹ دئیے گئے جبکہ صرف ایک ممبر سری لنکا نے بھارت کے حق میں ووٹ دیا۔

دی بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) اس فیصلے پر اس قدر سیخ پا ہے کہ اس نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی 2017ء کے بائیکاٹ پر غور شروع کر دیا ہے جو یکم جون سے انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔ بھارتی میڈیا نے بی سی سی آئی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’بی سی سی بی آئی ممبرز پارٹیسیپیشن ایگریمینٹ(ایم پی ای) پر عمل کرتے ہوئے تمام ضروری فیصلے لینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 8 ٹیموں میں سے 7 ٹیموں نے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے تاہم بھارت نے ابھی تک حتمی سکواڈ کا اعلان بھی نہیں کیا۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے میچ 4 جون کو شیڈول ہے اور اس کی تمام ٹکٹیں بھی فروخت ہو چکی ہیں تاہم اگر بھارت نے چیمپینز ٹرافی کا بائیکاٹ کر دیا تو ناصرف پاکستانی شائقین روائتی حریف کے ساتھ میچ دیکھنے سے محروم ہو جائیں گے بلکہ آئی سی سی کو بھی بھاری نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :