مظفرآباد ‘محکمہ تعلیم سکولز کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین المدارس تقریری مقابلہ

پہلی پوزیشن گورنمنٹ ہائی سکول چھتر کلاس کے طالب علم ذوالفقار شاہ ،دوسری پوزیشن ہائی سکول گہل کاشف حسین جبکہ تیسری پوزیشن عمر عبداللہ ہائی سکول راڑہ نے حاصل کی

جمعہ 28 اپریل 2017 16:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) محکمہ تعلیم سکولز کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بین المدارس تقریری مقابلہ بعنوان ’’حق خودارادیت مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے‘‘ کا انعقاد گورنمنٹ ہائی سکول چھتر کلاس میں حلقہ نمبر 4کے طلباء کے مابین ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی صدر معلم گورنمنٹ ہائی سکول چہلہ بانڈی راجہ حکم داد خان جبکہ صدارت کے فرائض محمد حفیظ اعوان صدر معلم ہائی سکول چھتر کلاس نے سرانجام دئیے ۔

مقابلہ میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ ہائی سکول چھتر کلاس کے طالب علم ذوالفقار شاہ ،دوسری پوزیشن ہائی سکول گہل کاشف حسین جبکہ تیسری پوزیشن عمر عبداللہ ہائی سکول راڑہ نے حاصل کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی راجہ حکم داد،محمد حفیظ اعوان ، راجہ آصف اقبال ، آفاق احمد ، راجہ مجیب الرحمان ، خورشید احمد قریشی نے حکومت آزاد کشمیر اور محکمہ تعلیم کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں میں کشمیر کے حوالے سے تقریر ی مقابلہ کروانے کا فیصلہ بڑے دور رس نتائج کا حامل ہے ۔

(جاری ہے)

اس طرح سے یہ بھی ایک سفارتکاری کا ذریعہ ہے ۔ ایسے پروگراموں میں تعلیمی ادارہ جات کے سربراہان اپنے طلباء کو شامل کرنے میں تعاون کریں تمام طلباء کو جنہوں نے مقابلہ میں حصہ لیا مبارکباد پیش کی اور خصوصی طور پر ان طلباء کو مبارکباد دی جنہوں نے پوزیشن حاصل کیں اورمقابلہ کے انعقاد پر ادارہ جات کے صدر معلمین اور سٹاف کے تعاون کو سراہا گیا۔ تقریب کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سالمیت کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔