دوہری شہریت کیخلاف درخواست ،عدالت کا رحمن ملک کے پیش نہ ہونے پر سخت اظہار برہمی

سابق وزیر داخلہ اور ان کے وکیل کو مئی کے تیسرے ہفتے کیلئے نوٹسز جاری،ملزمان کے خلاف ٹرائل جلد مکمل کرنے کا حکم

جمعہ 28 اپریل 2017 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے سینیٹر رحمن ملک کی دوہری شہریت کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت میں پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ اور ان کے وکیل کو مئی کے تیسرے ہفتے کیلئے نوٹسز جاری کردیئے ہیں ۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کی دوہری شہریت کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2008 میں رحمان ملک کو دہری شہریت چھپانے پر سپریم کورٹ نے کارروائی کا کہا تھا جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 2014 میں یک طرفہ فیصلہ سناکررحمان ملک کو بری کردیا تھا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ رحمان ملک خود دہری شہریت کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت میں استدعا کی گئی ہے کہ دوہری شہریت میں سیشن عدالت کی جانب سے رحمان ملک کو بری کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ۔

دوسری جانب عدالت میں رحمان ملک پیش نہ ہوسکے۔عدالت احکامات کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رحمان ملک اور انکے وکیل کو مئی کے تیسرے ہفتے کے نوٹسسز جاری کردیئے۔عدالت نے ملزمان کیخلاف ٹرائل کورٹ میں ٹرائل جلد مکمل کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :