حکومت پانامہ سے ہٹ کر عمان میں قید پاکستا نیوں کی رہائی کیلئے بھی اقدامات کرے ، ہارون بشیر بلور

جمعہ 28 اپریل 2017 21:34

پشاورد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے مرکزی حکومت سے عمان میں قید پاکستانیوں کی فوری رہائی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران پانامہ سے ہٹ کر عوامی مسائل پر بھی اپنی توجہ مرکوز رکھیں ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمان میں لاتعداد پاکستانی قید ہیں اور مشکلات میں گھرے یہ پاکستانی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت ماہ صیام سے قبل ان پاکستانیوں کی رہائی کیلئے اقدامات کرے تاکہ غریب اور لاچار یہ شہری اپنے گھر وں کو واپس آ سکیں ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ 700سے زائد بے گناہ پاکستانی محنت مزدوری کیلئے وہاں گئے تھے لیکن عمان کی حکومت نے انہیں بلاوجہ گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر رکھا ہے جبکہ ہمارے حکمرانوں کو پانامہ کے علاوہ کچھ سجھائی نہیں دے رہا ، انہوں نے کہا کہ چار ماہ قبل ان پاکستانیوں کے اہل خانہ نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاج کر کے حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی تاہم حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ، انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ غربت کے مارے ان خاندانوں کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے عمان میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے وہاں پر متعین سفیرکو ہدایات جاری کریں اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ ان افراد کے اہل خانہ میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔