بھارتی ایجنسیوں سے خفیہ ملاقاتیں کرنے والے حکمران ملک کیلئے سیکیورٹی رسک بن چکے ، صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی

مودی کے یار پاکستان کے غدار ہیں۔ قانون ناموس رسالت کو غیر مئوثر بنانے کیلئے کو ئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حکومت کی نااہلی کی وجہ سے گستاخ بلاگرز ملک سے فرار ہوئے۔ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ ۔احسان اللہ احسان کے انکشافات کے بعد طالبان کی حامی مذہبی جماعتیں قوم سے معافی مانگیں، جلسہ دستار فضیلت سے خطاب

ہفتہ 29 اپریل 2017 21:02

بھارتی ایجنسیوں سے خفیہ ملاقاتیں کرنے والے حکمران ملک کیلئے سیکیورٹی ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2017ء) سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنسیوں سے خفیہ ملاقاتیں کرنے والے حکمران ملک کیلئے سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔ مودی کے یار پاکستان کے غدار ہیں۔ قانون ناموس رسالت کو غیر مئوثر بنانے کیلئے کو ئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے گستاخ بلاگرز ملک سے فرار ہوئے۔

دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ ۔احسان اللہ احسان کے انکشافات کے بعد طالبان کی حامی مذہبی جماعتیں قوم سے معافی مانگیں۔ طالبان کا باپ ہونے کے دعویدار کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، محدث اعظم پاکستان کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ کے سالانہ جلسہ دستار فضلیت اور محدث اعظم پاکستان علامہ محمد سردار چشتی قادری رضوی و صاحبزادہ فضل کریم کے سالانہ عرس کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجتماع سے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا ، قومی اسمبلی کے سابق رکن صاحبزادو میاں جلیل احمد شرقپوری ، جماعت اہلسنّت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی، منہاج القر آن علماء کونسل کے صدر علامہ سید فرحت حسین شاہ ، جامعہ رضویہ کے مہتمم بیرسٹر صاحبزادہ حسین رضا، علامہ احمد نثار بیگ، علامہ سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی، پیر ضیاء المصطفٰے حقانی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد سعید رضوی ، علامہ حامد سرفراز قادری، پیر خالد سلطان قادری ، صاحبزادہ سید برہان شاہ اور دوسرے علماء و مشائخ نے خطاب کیا۔

اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اہلسنّت متحد ہوکر آئندہ الیکشن میں بھر پورحصہ لیں گے۔ محدث اعظم اور صاحبزادہ فضل کریم کا مشن پورا کرکے دم لیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم زندگی بھر طالبانائزیشن کے خلاف آواز بلند کرتے رہے۔ کل بھوشن کو ریمنڈ ڈیوس نہیں بننے دیں گے۔ وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ کا استعفیٰ بارش کا پہلا قطرہ ہے۔

اب مزید استعفیٰ بھی آئیں گے۔ قومی اسمبلی کے سابق رکن ، شرقپور شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا ہے کہ محدث اعظم پاکستان عظیم عاشق رسول تھے۔ وہ زندگی بھر بد عقیدگی کے خلاف جدوجہد کرتے رہے ۔ جامعہ رضویہ نے دینی علوم کے فروغ کیلئے تاریخی کردار ادا کیا۔مفتی محمد اقبال چشتی نے کہا کہ اہل حق محدث اعظم کے افکار و کردار کو مشعل راہ بنائیں۔

انقلاب نظام مصطفی ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے۔صاحبزادہ حسین رضا نے کہا کہ محدث اعظم علامہ محمد سردار احمد اور صاحبزادہ فضل کریم کے عظیم دینی و ایمانی مشن کاجھنڈا سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔ قانون ناموس رسالت بدلنے والی حکومت قائم نہیں رہ سکے گی۔ اجتماع میں منظور کی گئی قرار دادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت 295-C میں کسی بھی طرح کی ترمیم سے باز رہے۔ گستاخ بلاگرز کو انٹر پول کے ذریعے ملک میں واپس لاکر عبرت کا نشان بنایا جائے۔ کل بھوشن کو فی الفور پھانسی پر لٹکایا جائے۔ وزیر اعظم استعفیٰ دیکر جے آئی ٹی میں پیش ہوں۔