پشاور، دوسری گورنر آل فاٹا یوتھ اینڈ سپورٹس فیسٹول ، خیبرایجنسی کی برتری برقرار

ہفتہ 29 اپریل 2017 21:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2017ء) دوسری گورنر آل فاٹا یوتھ اینڈ سپورٹس فیسٹول کے دوسرے روز خیبر ایجنسی کے کھلاڑی چھائے جنہوں نے رسہ کشی ، آرچری ،باڈی بلڈنگ،ویٹ لفٹنگ،ٹیبل ٹینس اور کراٹے میں ٹائٹل اپنے نام کئے ،شوٹنگ میں باجوڑ ایجنسی جبکہ بیڈمنٹن میں مہمند ایجنسی نے باجوڑ ایجنسی کو دو صفر سے شکست دیکر فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس فاٹا محمد نواز خان ، ڈائریکٹرپی ایس بی کوچنگ سنٹر ممتاز خان نے انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ایونٹ منیجر ایوب کان ، ایجنسی سپورٹس منیجر راحید گل ملاگوری ، اکائونٹ آفیسر عبید خان سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس فاٹا کے زیراہتمام دوسری گورنر آل فاٹا یوتھ وسپورٹس فیسٹول پشاور سمیت فاٹا کے مختلف ایجنسی میں بھرپور انداز سے جاری ہے جس میںدوسرے روز بھی خیبرایجنسی کے کھلاڑی چھائے رہے ، پشاور قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں منعقدہ بیڈمنٹن فائنل مہمند ایجنسی اور باجوڑایجنسی کے مابین کھیلاگیا جسمیں مہمند ایجنسی نے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد دو صفر سے ٹائٹل اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

پہلے سنگل میں مہمند ایجنسی کے رحمان نے باجوڑ ایجنسی کے فضل ربی کو 21-15 اور 21-17 سے شکست دی ، دوسرینڈبل میں مہمند ایجنسی کے جواد اور اسد الله کی جوڑی نے باجوڑ ایجنسی کے فواد اور نوید کو 21-19 اور21-17 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اسی طرح آرچری کے مقابلوں میں خیبرایجنسی نے 36 پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ ایف آر پشاور اور ایف آر کوہاٹ نے 25,25 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ۔

شوٹنگ میں باجوڑ ایجنسی نے 133 پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ خیبرایجنسی 75 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔ کراٹے کے ایونٹس میں خیبرایجنسی نے سات گولڈ تین سلور اور پانچ برائونز میڈلز جیت کر 95 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن ، کرم ایجنسی نے دو گولڈ ، تین سلور اور پانچ برائونز میڈلز جیت کر 55 پوائنٹس حاصل کئے اور دوسرے نمبر پر رہی ۔ اسی طرح کرکٹ کے مقابلوں میں پہلے رائونڈ میں ایف آر پشاور نے نارتھ وزیر ستان کو سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دی ، ایف آر پشاور نے پہلے کھیلتے ہوئے 165 رنز بنائے جس کے جواب میں نارتھ وزیر ستان کی ٹیم 164 رنز بناسکی ۔

دوسرے میچ میں اورکزئی ایجنسی نے ایف آر ٹانک ڈی آئی خان کو ساتھ وکٹس سے شکست دی ایف آر ٹانک نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 135 رنزبنائے جس کے جواب میں اورکزئی ایجنسی نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ جمرود سپورٹس کمپلیکس میں جاری فیٹ بال میں مہمند ایجنسی نے باجوڑ ایجنسی کو ایک صفر سے کرم ایجنسی نے سائوتھ وزیر ستان کو پانچ تین سے جبکہ خیبر ایجنسی نے نارتھ وزیر ستان ایجنسی کو دو صفر سے شکست دیکر آگلے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔

اسی طرح ٹیبل ٹینس میں خیبرایجنسی نے باجوڑ ایجنسی کو تین صفر سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی ۔ ڈائریکٹر سپورٹس فاٹا محمد نواز کے مطابق فاٹا یوتھ اینڈ سپورٹس فیسٹول قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور، جمرود سپورٹس کمپلیکس ، باجوڑ ایجنسی ، کرم ایجنسی ، نارتھ وزیر ستا ن سمیت مختلف مقامات پر بھرپور انداز سے جاری ہیں اس کے علاوہ خواتین کے سپورٹس مقابلے آج سے پشاور میں شروع ہونگے جس میں بیڈمنٹن ، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی اور ایتھلیٹکس کے مقابلے شامل ہیں ۔