شمالی وزیرستان میں تعلیمی فقدان کی وجہ سے دہشت گردی کی لہر شروع ہوئی تھی ، محمد نذیر

ہم نے منتخب ہو کرسب سے پہلے تعلیم پر توجہ دی ، دہشتگردی کا مقابلہ بندوق کی بجائے قلم کے ذریعے ممکن ہو ، رکن قومی اسمبلی

ہفتہ 29 اپریل 2017 21:25

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) شمالی وزیرستان کے ممبر قومی اسمبلی محمد نذیرنے دورہ تحصیل سپین وام کے موقع پر مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ شمالی وزیرستان میں تعلیمی فقدان کی وجہ سے دہشت گردی کی لہر شروع ہوئی تھی جس کا مقابلہ بندوق سے نہیں بلکہ قلم کے ذریعے ممکن ہو ا اور ہم نے منتخب ہو کرسب سے پہلے تعلیم پر توجہ دی چار سال میں 36پرائمری سکولوں کو مڈل ،سات مڈل سکولوں کو ہائی اور تین ہائی سکولوں کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دیا تحصیل شیواہ کے مقام پرزیر تعمیر گورنر ماڈل سکول کی تعمیر کیلئے 35کنال اراضی مفت فراہم کی ہے اسی طرح پورے شمالی وزیرستان میں 235کمیونٹی سکول بنائے جائیں گے اُنہوں نے موقع پر تحصیل سپین وام کیلئے 20کمیونٹی سکولوں کی منظوری اور بدست گورنر خیبر پختونخوا علامہ اقبال یونیورسٹی کیمپس اور میر علی کے مقام پر خواتین کیلئے گرلز ڈگری کالج کی تعمیر کا اعلان کیا اور رزمک کیڈٹ کالج میں شمالی وزیرستان کے طلبہ کا دس فیصد کوٹہ بڑھا کر پچاس فیصد کردیا اُنہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں صحت کی سہولیات ممکن اور آسان بنانے کیلئے میرانشاہ سمیت تمام ہسپتالوںکو ایمبولینس دیئے جائیں گے اُنہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ہمارے تعلیمی ادارے اورہسپتال بری طرح متاثر ہوئے اب ان کی دوبارہ بحالی میں پولیٹیکل انتظامیہ کرپشن کر رہی ہے جس پر ہم کسی کیساتھ کسی قسم کا سمجھوتا برداشت کرنے کو تیار نہیں اور گورنر خیبر پختونخوا اور آرمی حکام سے اس پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں اس موقع پر اُنہوں نے تحصیل سپین وام شمیری ،میر علی سے سورڈاگ دتہ خیل روڈ سمیت پانچ سڑکوں کی سنگ بنیاد رکھی جبکہ میر علی سے ٹل تک دو رویہ سڑک ، دتہ خیل سے شوال تک اورمیر علی سے حیسور تک اور زیارت سے کرم گڑھی تک سڑک پر جون تک کام شروع کرانے کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر اجتماعات سے ملک لیاقت ،ملک نور خان ،ملک اکبر خان ،ملک میرو گائی اور فاٹا سٹوڈنٹس کے رہنماء امداد خان نے بھی خطاب کیا ایم این اے ملک محمد نذیر نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف ،آرمی چیف اور گورنر خیبر پختونخوا شمالی وزیرستان کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس خواہش کا اظہار کر ہے ہیں کہ دور جدید میں شمالی وزیرستان میں تعلیمی ادارے بحال ،مواصلاتی نظام فعال صحت کا نظام ٹھیک ہو ں تاکہ ملکی سلامتی کی خاطر قربانی دینے والے یہ قبائل ترقی یافتہ اقوام کی صفوں میں کھڑے ہوں اُنہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں گھر گھر بجلی پہنچانے کیلئے اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں تحصیل سپین وام اور شمیری کیلئے میر علی گرڈ اسٹیشن سے الگ فیڈر اور میرانشاہ و رزمک میں مزید 32ٹرانسفارمرزلگائے جائیں گے شمالی وزیرستان کیلئے آٹھ گھنٹے بجلی فراہمی کی منظوری چیف پیسکوواپڈا نے دی ہے جبکہ رمضان میں بارہ گھنٹے بجلی کی فراہمی کیلئے بات کریں گے اُنہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے بے گھر متاثرین کی دو بارہ بحالی ،مسمار مکانات کے ازالے کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کی ہے شمالی وزیرستان کے متاثرین آپریشن ضرب عضب کے باعث میرے دور میں نقل مکانی کر گئے میں چاہتا ہوں اور بھر پور کوشش میں ہوں کہ یہ متاثرین میرے ہی دور میں دوبارہ بحال ہوں اور وزیرستان کو ترقی یافتہ بنانے میں حکومت اور پاک فوج کا ساتھ دیں ۔