اوگرا قیمتیں کم کرنیوالی سمری بھیجے تو وزیر اعظم مسترد کر دیتے ہیں،عوامی تحریک کا سیمینار

مزدوروں،طلبہ اور کسانوں کو انقلاب کیلئے مل کر نکلنا ہو گا :عوامی تحریک کے سیمینار سے مقررین کا خطاب ہر حکومت نے اللہ کے دوست مزدوروں سے دشمنی کی،شوکت علی چودھری،اشتیاق چوہدری

اتوار 30 اپریل 2017 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2017ء) پاکستان عوامی تحریک لیبر ونگ کے زیر اہتمام مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار منعقد ہوا ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ70سال بعد مزدور کی حالت نہیں بدلی ،سرمایہ داری نظام نے 19کروڑ عوام کو غلامانہ زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا ۔اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے والی سمری بھیجے تو وزیر اعظم مسترد کر دیتے ہیں ۔

انقلاب کیلئے مزدوروں ،طلبہ اور کسانوں کو مل کر نکلنا ہو گا ، ہر حکومت نے اللہ کے دوست مزدوروں سے دشمنی کی ۔کروڑوں صنعتی مزدور اور زرعی کارکن حکومت اور مالدار طبقہ کے ظلم اور استحصال کا شکار ہیں ۔کوئی مزدور ٹیکس چور نہیں ملے گا ۔300ارب کے قرضہ پراورنج ٹرین کے فینسی منصوبے کو مکمل کرنے پر بضد اشرافیہ نے مزدوروں کے نام پر شروع کی جانیوالی سستے گھروں کی آشیانہ ہائوسنگ سکیم بند کر دی ۔

(جاری ہے)

سیمینار کی صدارت پاکستان عوامی تحریک لیبر ونگ کے مرکزی صدر اشتیاق چوہدری نے کی جبکہ پاکستان مزدور محاذ کے سیکرٹری جنرل شوکت علی چودھری ،آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کے صدر فضل واحد،پی ٹی اے یونین کے سیکرٹری جنرل حسن رانا،اکبر علی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے سیمینار میں شرکت کی ۔عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوارڈینیشن ساجد محمود بھٹی نے مزدور رہنمائوں اور شرکائے سیمینار کو خوش آمدید کہا۔

ساجد محمود بھٹی نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر مبنی خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عارف چودھری نے ادا کئے۔شوکت علی چوہدری نے کہاکہ جب وزیر خزانہ یا عالمی مالیاتی اداے کہتے ہیں کہ پاکستان میں 50 فی صد آبادی خط غربت سے نیچے ہے تو یہ 50 فی صد دراصل مزدور خاندان ہیں۔

جن کے بچے متوازن غذا،صاف پانی،تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔مہنگے گوشت،پھل سبزیوں،دالوں،دودھ،انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ اور مصنوعی مہنگائی کا شکار یہی لوگ ہیں ۔اشتیاق چوہدری نے کہاکہ بجلی،گیس،پٹرولیم مصنوعات خطہ میں پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگی ہیں ۔اوگرا قیمتوں میں اضافہ کی سمری تیار کر ے تو وزیر اعظم فوری عمل کرتے ہیں اور اوگرا نے 27اپریل کو پٹرول،ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی جسے وزیر اعظم نے مسترد کر دیا یہ غریب اور عوام دشمنی ہے ۔

فضل واحدنے کہاکہ لوڈ شیڈنگ کا سب سے زیادہ متاثر طبقہ مزدورہیں ۔لوڈشیڈنگ کی وجہ سے سالانہ 10لاکھ مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں ،لوڈشیڈنگ کو کم کرنے یا کنٹرول کرنے کے نام پر صرف سیاست ہو رہی ہے ۔اکبر علی نے کہاکہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کیلئے مزدوروں،طلبہ اور کسانوں کو مل کر نکلنا ہو گا ،ساجد بھٹی نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کا فلسفہ محض مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں بلکہ وہ کہتے ہیں ترقی ،خوشحالی اور پیداوار میں اضافہ کیلئے مزدوروں کو مل کی ملکیت اور منافع میں حصہ دار بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :