Live Updates

ایک جھوٹا شخص ملک کا وزیراعظم نہیں بن سکتا، جب تک ملک کا گاڈ فادر گھر نہیں جاتا اس وقت تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوسکتی ، عمران خان

ایک مافیا اور ایک گاڈ فادرکا مقابلہ کررہے ہیں، قوم کے بچے ،نوجوان اور خواتین گو نواز گو کہنے کیلئے تیار ہیں کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن یہاں کا پیسہ ایان علی جیسے لوگ دبئی لے کر جارہے ہیں کراچی روشنیوں کا شہر کہلایا جاتا تھا وہ آج اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے ،آج کراچی میں ہر طرف گندگی ہے ، اتنی گندگی میں نے کبھی کراچی میں نہیں دیکھی جب تک کراچی میں پولیس کا نظام ٹھیک نہیں ہوگا تب تک کراچی شہر میں امن نہیں آ سکتا، حقوق کراچی مارچ ریلی کے اختتام پر مارچ کے شرکاء سے خطاب

اتوار 30 اپریل 2017 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک جھوٹا شخص ملک کا وزیراعظم نہیں بن سکتا، جب تک ملک کا گاڈ فادر گھر نہیں جاتا اس وقت تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوسکتی کیوں کہ ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر جیسے ادارے ان کے ماتحت ہیں۔ ہم ایک مافیا اور ایک گاڈ فادرکا مقابلہ کررہے ہیں، قوم کے بچے ،نوجوان اور خواتین گو نواز گو کہنے کے لئے تیار ہیں۔

کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن یہاں کا پیسہ ایان علی جیسے لوگ دبئی لے کر جارہے ہیں، میں کراچی کی عوام کی ہمت اور اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ کراچی وہ شہر ہے جہاں سے ساری تحریکیں چلتی ہیں ۔ کراچی روشنیوں کا شہر کہلایا جاتا تھا وہ آج اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

آج کراچی میں ہر طرف گندگی ہے ، اتنی گندگی میں نے کبھی کراچی میں نہیں دیکھی۔

کراچی کے شہری پانی کے حصول کے لئے ترس رہے ہیں۔کراچی وہ شہر ہے جو پاکستان کو 70فیصد ریوینیو دیتا ہے۔ جب تک کراچی میں پولیس کا نظام ٹھیک نہیں ہوگا تب تک کراچی شہر میں امن نہیں آ سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی شہر کے حقوق کے لئے کئے جانے والے’’حقوق کراچی مارچ ‘‘ کے اختتام کے موقع پر جیل چورنگی کے قریب مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی، اسد عمر ،عارف علوی، عمران اسماعیل، علی زیدی ، فیصل وائوڈا، حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان،جمال صدیقی،دوا خان صابر،ہمایوں مندوخیل، سیف الرحمان ، ملک شہزاد اعوان، سردار عبد العزیز ، ضلعی صدور اور دیگر رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے۔عمران خان نے کہاکہ ہم نے خیبر پختونخواہ میں پولیس اور بلدیات کا سب سے بہترین نظام متعارف کروایا ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ آج آئی سندھ اے ڈی خواجہ اور میئر کراچی وسیم اختر کہتے ہیں کہ ہمیں خیبر پختونخواہ جیسا پولیس کا نظام اور بلدیاتی اختیارات چاہیے۔ کراچی والوں آپ وعدہ کریں کہ ظلم اور نا انصافی کے خلاف ضرور نکلیں گے ۔ جب عوام ظلم اور نا انصافی کے سامنے سر جھکا لیتی ہے تو وہ خود اپنے ساتھ ظلم کرتی ہے۔ نا انصافیوں کے خلاف جہاد کا درث ہمارا دین دیتا ہے ۔

ہم حکومت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر کراچی کے بنیادی مسائل حل نہیں کئے گئے تو میں خود کراچی آئوں گا اور ہمس کراچی کے حقوق کے لئے ایک بار نہیں بار بار سڑکوں پر نکلیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی شہر کو ایک بہتربلدیاتی نظام کی ضرورت ہے جیسے خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف نے رائج کیا ہے۔ جب تک بہتر بلدیاتی نظا م نہیں آئے گا تب تک کراچی کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

کراچی شہرکا پیسہ کراچی پر استعمال ہونا چاہئے۔ کرپٹ حکمران کراچی شہر کا پیسہ چوری ہو کر باہر بھیج رہے ہیں، یہی وجہ ہے آج کراچی شہر ترقی کے بجائے پستی کی طرف جا رہا ہے ۔جب تک ان کرپٹ سیاست دانوں کو سزائیں نہیں ملیں گی تب تک پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک جھوٹا شخص ملک کا وزیراعظم نہیں بن سکتا، جب تک ملک کا گاڈ فادر گھر نہیں جاتا اس وقت تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوسکتی کیوں کہ ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر جیسے ادارے ان کے ماتحت ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاناما کیس کے عدالتی فیصلے کے بعد یہ طے ہوجائے گا کہ یہ ملک کرپشن سے پاک ہوگا یا پھرزرداری اور نواز کے حوالے رہے گا۔انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نقل کے لیے بھی عقل چاہیے ہوتی ہے،جو وزیراعظم اپنی فوج کے خلاف بولے اسے معاف نہیں کیا جاسکتا،قوم ڈان لیکس پر جواب لے گی ۔عمران خان نے کہا کہ ایک جھوٹا شخص پاکستان کا وزیراعظم نہیں بن سکتا، نواز شریف نے کل مجھے کرکٹ کھیلنے کا کہا، 65 برس میں کرکٹ کیسے کھیلوں لگتا ہے انہیں گرمی زیادہ لگ گئی۔

پی ٹی آئی سربراہ نے وکلا برادری سے پوچھا کہ وہ بتائیں کہ جھوٹے کو پاکستان بننے کا حق ہی انہوں نے شہباز شریف کو ڈراما بھی قرار دیا ۔عمران خان نے کہاکہ وزیراعظم نے تحریک انصاف کی خواتین کو تنقید کا نشانہ بنایا لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جب پرویز مشرف نے انہیں جیل میں ڈالا تو موٹو گینگ فرار ہوگیا تھا لیکن کلثوم نواز نے بھرپور مقابلہ کیا، ہم کلثوم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور وزیراعظم کو بتادینا چاہتے ہیں کہ اس قوم کے بچے اور خواتین گو نواز گو کہنے کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔

پاناما کے فیصلے میں پانچوں ججز نے کہہ دیا کہ وزیر اعظم نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں۔ لہذا نواز شریف کے پاس وزارت عظمیٰ کی کرسی پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بنتا ۔ کسی بھی جمہوریت کے اندر کسی ملک کے سربراہ کو اگر جھوٹا کہہ دے تو اسے ملک کی سربراہی چھوڑ دینی چاہئے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سب سے زیادہ ریوینیو دینے والا شہر آج اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، پانی ، بجلی، گیس، صفائی ستھرائی، پبلک ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی ضروریات آج کراچی کے شہروں سے چھین لی گئی ہیں۔

کراچی کے شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ عمران خان کی قیادت میں اپنے حقوق کے لئے اپنے گھروں سے باہر نکلے ۔ کراچی ریجن کے صدر فروس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کے مسائل کے حل کے لئے ایک ایماندار اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے جو صرف اور صرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صورت میں ہمیں ملی ہے۔ جب تک آپ کے حکمران ایماندار نہیں ہونگے آپ کا پیسہ ہمیشہ کرپشن کی نظر ہوتا رہے گا۔ اگر حکومت اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا اور کراچی کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں لی تو کراچی کی عوام پھر سے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں سڑکوں پر نکلے گے اور حکمرانوں کے ایوانوںکا گھیرائو کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات