نواز شریف ازخود مستعفی ہو جائیں ورنہ پیپلز پارٹی اور پوری قوم انکو گھر بھیج دیگی، وفاقی حکومت قومی اداروں کی نجکاری کرکے لاکھوں مزدوروں کو بے روزگار کرنا چاہتی ہے، نواز لیگ آمریت کی پیداوار ہے، شریف خاندان ملک کو بادشاہت کی طرز پر چلا رہا ہے، آج مزدور اور غریب طبقہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بدحالی کا شکار ہے، پوری قوم قرضوں میں جکڑ گئی ، پاناما کیس فیصلے سے واضح ہو گیا کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں وزیر اعظم ملزم کے طور پر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گا ، وہ وزیر اعظم کے منصب پر رہنے کا اہل نہیں،، گو نوا زگو تحریک کے تحت پورے ملک میں احتجاجی جلسے ، مظاہرے اور دھرنے دیئے جائیں گے

پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو ، سینیٹر سعید غنی ، نبیل گبول ، شہلا رضا و دیگر کا مزدوروں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی سے خطاب

پیر 1 مئی 2017 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 مئی2017ء) پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت قومی اداروں کی نجکاری کرکے لاکھوں مزدوروں کو بے روزگار کرنا چاہتی ہے، یہ نواز لیگ والے جمہوریت نہیں بلکہ آمریت کی پیداوار ہیں، شریف خاندان ملک کو بادشاہت کی طرز پر چلا رہا ہے، آج مزدور اور غریب طبقہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بدحالی کا شکار ہو گیا ہے۔

پوری قوم قرضوں میں جکڑ گئی ہے اور ان کی کرپشن کی واضح مثال پاناما لیکس ہے،پاناما لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے واضح ہو گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف صادق اور امین نہیں اور ان کے خلاف تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ جس ملک کا وزیر اعظم ملزم کے طور پر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گا ، وہ وزیر اعظم کے منصب پر رہنے کا اہل نہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے لیے عزت اسی میں ہے کہ وہ اب خود مستعفی ہو جائیں ،و رنہ پیپلز پارٹی اور پوری قوم گو نواز گو تحریک کے ذریعہ وزیر اعظم نواز شریف کو گھر بھیج دے گی۔ ہم نے گو نوا زگو تحریک شروع کر دی ہے اور اب اس تحریک کے تحت پورے ملک میں احتجاجی جلسے ، مظاہرے اور دھرنے دیئے جائیں گے۔پیرکو ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، جنرل سیکرٹری وقار مہدی ، سینیٹر سعید غنی ، نبیل گبول ، ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا ، جاوید ناگوری اور دیگر رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کے تحت مزدوروں سے اظہار یکجہتی کے لیے ٹاور سے مزار قائد تک نکالی گئی ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پیپلز پارٹی کی مزدور ریلی میں صبح سے ہی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ ٹاور پر مرکزی استقبالیہ کیمپ لگایا گیا تھا۔ پیپلز پارٹی کی تمام ضلعی تنظیوں اور دیگر شعبہ جات کے تحت ریلیاں مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی ٹاور پہنچیں۔ لیاری سے گدھا گاڑی پر سوار پیپلز پارٹی کے جیالے مرکزی ریلی میں شامل ہوئے۔ ریلی کے شرکاء نے پی پی کے جھنڈے ، ذوالفقار علی بھٹو ، بے نظیر بھٹو ، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔

جیالوں نے پارٹی ترانوں پر والہانہ رقص کیا اور ریلی کے شرکائ نے گو نواز گو ، گلی گلی میں شور ہے ، نواز شریف چور ہے ، کے نعرے لگائے۔ ریلی کے شرکاء نے جئے بھٹو ، جئے بے نظیر ، جئے بلاول اور جئے زرداری کے نعرے بھی لگائے۔ ریلی ٹاور سے شروع ہوئی اور قافلے کی شکل میں مزار قائد پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب عوام ، مزدور ، ہاریوں اور ہر طبقے کی جماعت ہے۔

پیپلز پارٹی میں تمام قومیتوں اور مذاہب کے لوگ شامل ہیں۔ پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے نعرہ لگایا تھا کہ ہم عوام کو روٹی کپڑا اور مکان دیں گے۔ ملک میں سب سے زیادہ جمہوریت کے لیے جدوجہد اور قربانیاں پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے دی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے کبھی آمروں کے سامنے سر نہیں جھکایا اور آمروں کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

ذوالفقار علی بھٹو شہید ہوئے۔ بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں۔ انہوں نے اپنی جانیں اس جمہوریت کی خاطر دیں۔ جمہوریت کے سفر کو اب آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں مزدوروں ، کسانوں اور غریبوں کو ان کے حقوق دیئے۔ ماضی کی طرح اب بھی چاہے پی پی کی حکومت وفاق میں ہو یا صوبے میں ہم لوگوں کو روزگار دیتے ہیں۔

پیپلز پارٹی نے ہی خواتین کو بااختیار بنایا، انہوں نے کہا کہ آج لیگی ٹولہ مزدوروں کا استحصال کر رہا ہے۔ اسٹیل ملز کئی سال سے بند پڑی ہے۔ قومی اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے، تاکہ ان کو فروخت کیا جا سکے، آج مزدوروں کے عالمی دن پر ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ قومی اداروں کی نجکاری کسی صورت میں نہیں ہونے دیں گے اور اگر حکمرانوں نے قومی اداروں کی نجکاری کی کوشش کی تو پھر حکومت کے خلاف دما دم مست قلندر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما میں ملوث میں وزیر اعظم فوری استعفیٰ دے دیں۔ ورنہ قوم انہیں گھر بھیج دے گی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اگلے مرحلے میں گو نواز گو تحریک کے تحت ملک بھر میں جلسے اور احتجاج کیا جائے گا۔ (رڈ)