ملک بچانے کیلئے مزدوروں کو یکجا ہونا پڑیگاتاکہ ملک سے سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ ہو سکے، افتخار محمد چوہدری

2006 میں اس وقت کے حکمرانوں نے ملک کے واحد صنعتی ادارے پاکستان اسٹیل کو کوڑیوں کے دام پر فروخت کرنے کی کوشش کی گئی

پیر 1 مئی 2017 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2017ء) جسٹس پارٹی کے سر براہ اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری نے کہا ہے کہ ملک بچانے کیلئے مزدوروں کو یکجا ہونا پڑیگاتاکہ ملک سے سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ ہو سکے، 2006 میں اس وقت کے حکمرانوں نے ملک کے واحد صنعتی ادارے پاکستان اسٹیل کو کوڑیوں کے دام پر فروخت کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اسٹیل ملز کے مزدوروں اور عدلیہ نے قومی ادارے کا دفاع کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن حدید میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت دیوالیہ کا شکار ہے جس کو بچانے کیلئے چوروں اور لٹیرون کے خلاف مزدوروں کو مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان زندہ باد کے نعرے کو بلند کرنا پڑیگا، انہوں نے کہا کہ مزدور ملک کا اثاثہ ہیں لیکن حکمران ان کو کوئی بھی رلیف دینے کے لئے تیار نہیں، مزدور اپنا لہو بہا کر ملک کی خدمت کے ساتھ ساتھ حکمران سرمائیداروں اور انکے اتحادیوں کے پیٹ بھر رہے ہیں لیکن ان کوانکی محنت کا جائز حق نہیں دیا جارہا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں مزدوروں کو بہت سے حقوق ملے ہوئے ہیں لیکن ان پر عمل نہیں کیا جا رہا، انہوں نے کہا کہ جب تک مزدوروں کو ان کا حق نہیں دیا جائے گا تب تک ملک میں ترقی کی رفتار آگے نہیں بڑھ سکے گی، انہوں نے مزید کہا کہ شکاگو کے شہیدوں کی چھوڑی گئی راہ پر چل کر ہم اپنے حقوق حاصل کر سکیں گے، اس موقع پر عبدالوہاب بلوچ، شفیع محمد شر، حاجی خان لاشاری، چوہدری فضل حق، عبدالقادر شر، فیض محمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔