قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی دفاع اجلاس ، ایل او سی ، سیاچن ، وزیرستان ایجنسی میں جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے دورے کا اعلان

محمود اچکزئی نے اسلامی اتحاد کے معاملے پر مکة المکرمہ میں کمیٹی اجلاس طلب کرنے کی تجویزدیدی قائمہ کمیٹی ارکان کی جنرل (ر) راحیل شریف سے ملاقات ہوجائیگی‘ وہاں تعینات فوجی افسران کی تصویر شائع ہو ئی جس میں مسکراتے ہوئے ا فسران مکے دکھا رہے ہیں ‘ارادہ تو لڑائی کا لگتا ہے،محمود اچکزئی ،‘ قائمہ کمیٹی میں سجن جندال دورہ مری کا تذکرہ پراکسی کی صورت میں عرب ایران کی لڑائی کا حصہ بنے رہے اب فوجیں بھجوانا خود فوج کے ساتھ زیادتی ہے ہم جہاں چاہتے ہیں وہاں اپنی فوجیں بھجوا دیتے ہیں جو فوج کے ساتھ بھی زیادتی ہے اراکین تگڑا تگڑا ہی ہوتا ہے جو بغیر ویزے کے مری پہنچ جاتا ہے،عامر ڈوگر ، نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز ترمیمی بل موخر

منگل 2 مئی 2017 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 مئی2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس کی کارروائی کے دوران حکومتی اتحادی محمود خان اچکزئی نے اسلامی دفاعی اتحاد کے معاملے پر مکة المکرمہ میں کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی تجویز دے دی‘ انہوں نے کہا ہے کہ اس طرح قائمہ کمیٹی دفاع کی متذکرہ اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف سے بھی ملاقات ہوجائے گی‘ وہاں تعینات تین فوجی افسران کی تصویر گزشتہ روز شائع ہو ئی ہے جس میں مسکراتے ہوئے یہ افسران مکے دکھا رہے ہیں ‘ارادہ تو لڑائی کا لگتا ہے‘ قائمہ کمیٹی نے پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے مشکل ترین محازجنگ سیاچن اور شمالی وزیرستان ایجنسی کے دوروں کا بھی اعلان کردیا ہے، کمیٹی کے اجلاس کے دوران بھارتی تاجر سجن جندال کے دورہ مری کا بھی تذکرہ ہوگیا‘ عامر ڈوگر نے کہا کہ تگڑا تگڑا ہی ہوتا ہے جو بغیر ویزے کے مری پہنچ جاتا ہے‘ جب کہ کمیٹی نے محرک کی عدم موجودگی کے باعث نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز ترمیمی بل 2017 کو آئندہ اجلاس تک موخر کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس میڈ یکل یونیورسٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے سربراہ چیف آف آرمی سٹاف ہیں۔ منگل کو قائمہ کمیتی برائے دفاع کا اجلاس پارلیمنٹ لاجز میں ہوا چیئرمین کمیٹی شیخ روحیل اصغر نے اجلاس کی صدارت کی۔ متذکرہ بل میں پی پی پی کی رکن ڈاکٹر عذرا فضل پچیہو کی ترمیم کی نیشنل میڈیکل یونیورسٹی کے حکام نے مخالفت کردی ہے۔ ترمیم میں نیشنل میڈیکل یونیورسٹی کو پی ایم ڈی سی کو جواب دہ بنانے کی تجویز دی گئی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈمن نے ترمیم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی کا قانون ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے وضع کردہ معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔

یونیورسٹی پی ایم ڈی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کام کررہی ہے اور اس کی اجازت کے بغیر ڈگری بھی جاری نہیں کرسکتی تاہم جو ترمیم تجویز کی گئی ہے اس کے تحت یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کی حیثیت ختم ہو کر رہ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس قسم کی تمام جامعات کو ریگولیٹری اتھارٹی کے ماتحت نہ ہونے کا استثنیٰ حاصل ہے۔ سردار شفقت حیات نے کہا کہ بل کے بارے میں سینیٹر فرحت الله بابر اور مولانا عطاء الرحمن کے بھی اختلافی نوٹ ہیں سینٹ کے ریکارڈ کو منگوایا جائے۔

پی ایم ڈی سی کو ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت میڈیکل کے کورسز کے معیار‘ داخلوں‘ امیدوار کی اہلیت اور اساتذہ کا معیار مقرر کرنے کا اختیار حاصل ہے اگر ترمیم کرلی جاتی ہے تو پیغام اچھا ہوگا کمیٹی نے اتفاق رائے سے گیارہ مئی کو آئندہ اجلاس میں پی ایم ڈی سی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے حکام کو مدعو کرلیا ہے یونیورسٹی کے حکام سے پی ایم ڈی سی سے مستثنیٰ میڈیکل کی جامعات کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیٹی نے اتفاق رائے سے ایل او سی مشکل ترین محازجنگ سیاچن اور شمالی وزیرستان ایجنسی کے دوروں کا فیصلہ کیا ہے وزرات دفاع کو اس بارے میں ایل او سی اور متزکرہ سرحدی علاقوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ کی ہدایت کردی ہے دورے کا مقصد اجلاس ایل او سی ، مشکل ترین محازجنگ سیاچن اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں پاک فوج کے جوانوں کا حوصلہ بڑھاناہے کمیٹی اجلاس کے دوران سید مصطفے محمود نے کمیٹی کو اسلامی عسکری اتحاد اور شام کی صورتحال پر بریفنگ کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہمارے ٹروپس سرحد پر آگئے ہیں۔ محمود خان اچکزئی نے تجویز دی کہ کمیٹی کا اجلاس مکہ سعودی عرب میں ہونا چاہئے جنرل (ر) راحیل شریف کو بھی کمیٹی میں بلواسکتے ان سے ملاقات بھی ہوجائے گی اور اراکین عمرہ کے سعادت بھی حاصل ہوجائے گی۔ چیئرمین کمیٹی شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ کیا یہ ایل او سی چھوڑ دیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آج ہی وہاں تعینات تین فوجی افسران کی مسکراتی تصویر شائع ہوئی ہے جس میں وہ مکے لہرا رہے ہیں ارادہ تو لڑائی کا لگتا ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کی ایک بہترین فوج ہے اور ہمارے دستے مستقل طور پر تربیت کی فراہمی کے لئے سعودی عرب میں رہتے ہیں میڈیکل کور کے لوگ بھی شامل ہوتے ہیں۔ سید مصطفے محمود نے کہا کہ طبی امداد کی تو شام میں ضرورت ہے، عامر ڈوگر نے کہا کہ پارلیمنٹ نے واضح فیصلہ کیا تھا کہ پاک فوج کسی جنگ میں حصہ لینے کے لئے نہیں جائے گی۔ مصطفے محمود نے کہا کہ پارلیمینٹ نے تو حکومت پاکستان کو ثالثی کا کرداراداکرنے کی سفارش کی تھی ۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہمیں اپنے حالات کی فکر کرنی چاہئے دوسروں کی ثالثی کرواتے کرواتے ان کی لڑائی اپنے گھر میں لے آئے ہمیں افغانستان کو بھی ہمیںمنہ نہیں لگاناچاہئے ان کی آگ کو اپنے گھر میں نہ لائیں۔ کشور زہرہ نے کہا کہ پراکسی کی صورت میں عرب ایران کی لڑائی کا حصہ بنے رہے اب فوجیں بھجوانا خود فوج کے ساتھ زیادتی ہے ہم جہاں چاہتے ہیں وہاں اپنی فوجیں بھجوا دیتے ہیں یہ فوج کے ساتھ بھی زیادتی ہے چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایسی بھی بات نہیں تگڑا تگڑا ہوتا ہے ۔عامر ڈوگر نے کہا کہ تگڑا بغیر ویزے کے مری بھی جاسکتا ہے۔ ( ا ع)