پی سی بی چیئرمین شہریار خان کی ریٹائرمنٹ کا وقت قریب آگیا ، چیئرمینی حاصل کرنے کیلئے امیدواروں نے وزیراعظم ہائوس میں لابنگ شروع کردی

پرویز رشید ، نجم سیٹھی، طلعت محمود اور ظہیر عباس چیرمین پی سی بی کے عہدے کیلئے مضبوط امیدواروں میں شامل ہو گئے ظہیر عباس کے علاوہ تینوں امیدوار وزیر اعظم ہائوس میں واضح اثر و رسوخ رکھتے ہیں، ذرائع وزیراعظم نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی نے پرویز رشید کیلئے لابنگ شروع کردی

منگل 2 مئی 2017 18:50

پی سی بی چیئرمین شہریار خان کی ریٹائرمنٹ کا وقت قریب آگیا ، چیئرمینی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کی ریٹائرمنٹ کا وقت قریب آتے ہی کرکٹ بورڈ کی چیئرمینی حاصل کرنے کیلئے امیدواروں نے وزیراعظم ہائوس میں لابنگ شروع کردی، پرویز رشید ، نجم سیٹھی، طلعت محمود اور ظہیر عباس چیرمین پی سی بی کے عہدے کیلئے مضبوط امیدواروں میں شامل ہو گئے، ظہیر عباس کے علاوہ تینوں امیدوار وزیر اعظم ہائوس میں واضح اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اگست میں چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی ریٹائرمنٹ اور مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے اعلان سے بااثر امیدواروں نے وزیر اعظم ہائوس میں لابنگ شروع کردی، ڈان لیکس تنازعہ میںوزارت کی قربانی دینے والے پرویز رشید،چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی، صدر زرعی ترقیاتی بینک طلعت محمود اور آئی سی سی کے سابق صدر لیجنڈری ظہیر عباس موزوں امیدواروں میں شامل ہو گئے تاہم بدلتی ہوئی ملکی سیاسی صورتحال کے باعث پی سی بی چیرمین کا تاج کس کے سر سجے گا تاحال فیصلہ کرنا مشکل ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت کی جانب سے ڈان لیکس تنازعہ میں مستعفی پرویز رشید کو نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ان کو عبوری طور پر ذمہ داریاں دیئے جانے کے امکانات ہیں،تاہم چیرمین پی سی بی کیلئے کرکٹ بورڈ کی مضبوط ایگزیکٹو کمیٹی کے چیرمین و چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی سابق وزیر اطلاعات و نشریات کیلئے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں،تاہم ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی پرویز رشید کیلئے لابنگ کر رہے ہیں اور پیٹرن انچیف وزیراعظم نواز شریف چیرمین پی سی بی شہریار خان کے کرکٹ بورڈ سے الگ ہونے کے بعد اپنے بااعتماد ساتھی پرویز رشید کو اس عہدے پر دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

چیرمین پی سی بی کی دوڑ میں شامل طلعت محمود جو زرعی ترقیاتی بینک کے سابق صدر ہیں اور ان کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع رحیم یار خان سے ہے جبکہ ان کے بارے میں یہ اطلاعات بھی سرگرم ہیں کہ یہ وزیراعظم کے رحیم یار خان میں رشتے داروں کے قریبی عزیز ہیں اس کے علاوہ موصوف نے رحیم یار خان میں دو سو ایکڑ کے قریب اراضی شریف خاندان اور ان کے عربی دوستوں کے شکار کیلئے مختص کر رکھی ہے،ان وجوہات کی بنا پر یہ بھی چیرمین پی سی بی کیلئے مضبوط امیدواروں کی لسٹ میں شامل ہیں،چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی دوڑ میں آئی سی سی کے سابق صدر ظہیر عباس بھی شامل ہیں جو پی سی بی میں اپنی لابنگ کر رہے ہیں تاہم وزیر اعظم ہائوس میں ان کی سپورٹ نہ ہونے کے باعث لیجنڈری کرکٹر کے چیرمین پی سی بی بننے کے کم چانسز ہیں،واضح رہے کہ پرویز رشید سے اکتوبر 2016ء میں ڈان لیکس تنازعہ کی وجہ سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا جبکہ وزیراعظم کے قریبی ساتھی و صدر زرعی ترقیاتی بینک طلعت محمود اور چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی وزیر ہائوس میں اپنا کافی اثر و رسوخ رکھتے ہیں،طلعت محمود کو اپریل 2014ء میں زرعی ترقیاتی بینک کا صدر مقرر کیا گیا تھا علاوہ ازیں چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی میڈیا کی طاقتورشخصیت ہونے کے باعث مضبوط امیدوار ہیں تاہم بدلتی ہوئی ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر چیرمین پی سی بی کا تاج کس کے سر سجے گا ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔