او پی ایف میں جعلی ڈگری ہولڈرز افسران کے خلاف انکوائریاں دبا دی گئی

وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ذیلی ادارہ نے بااثر اور جعلی افسران کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے

منگل 2 مئی 2017 18:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2017ء) وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ذیلی ادارہ او پی ایف میں جعلی ڈگری ہولڈرز افسران کے خلاف انکوائریاں دبا دی گئی ہیں۔انتظامیہ او پی ایف نے بااثر اور جعلی افسران کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔معلومات کے مطابق او پی ایف میں سابق ادوار میں درجنوں ایسے افسران کو بھرتی کر لیا گیا تھا جو کہ جعلی ڈگری ہولڈرز تھے ،جعلی ڈگری رکھنے والوں کے خلاف جزوی طور پر کارروائی ہوئی تاہم بڑی مچھلیاں بچ نکلنے میں کامیاب ہوئی ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے جعلی ڈگری رکھنے والے افسران کے خلاف ایک بار پھر او پی ایف انتظامیہ سرگرم ہوئی تو جعلی مافیا نے اپنے اثر رسوخ کو استعمال کرنا شروع کر دیا ،جس کے باعث انکوائریاں پھر التوا کا شکار ہو گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کو او پی ایف کے چند ملازمین نے ایک درخواست کے ذریعے التجا کی کہ او پی ایف میں کرپشن کا بول بالا ہے اور بااثر افراد پر وزارت بھی ہاتھ ڈالنے سے کتراتی ہے اور دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کے پیسے کو بے دردی سے لوٹا جار ہا ہے ،جس پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔جبکہ دوسری جانب جعلی ڈگری ہولڈرز افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے تاکہ ادارے سے کالی بھیڑوں کا صفایا ہو سکے ۔۔۔۔۔۔۔۔ظفر ملک

متعلقہ عنوان :