(ن) لیگ حکومت نے آزادکشمیر کے عوام کو پسماندہ رکھنے کیلئے نظام تعلیم کو مفلوج کردیا، چودھری پرویز اشرف

بھمبر سے نیلم تک تعلیمی اداروں میں عدم حاضری بیڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے ،رہنماء پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

بدھ 3 مئی 2017 15:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر سابق وزیر حکومت چودھری پرویز اشرف نے کہاہے کہ ن لیگ حکومت نے آزادکشمیر کے عوام کو پسماندہ رکھنے کیلئے نظام تعلیم کو مفلوج کردیا، بھمبر سے نیلم تک تعلیمی اداروں میں عدم حاضری بیڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے ،وہ آج یہاں سابق سپیکر اسمبلی سردار غلام صادق سے بات چیت کررہے تھے انہوں نے کہاکہ ، عرصہ قیام اور میرٹ پر تبادلوں کاراگ الاپنے والوں نے اقرباء پروری ، رشوت ستانی کابازار گر م کررکھاہے ۔

ن لیگ انتقام کی آگ میں جھلس کر اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے ،نظام تعلیم کو تباہ نہیں ہونے دینگے ،اداروں کی فعالیت اور نظام تعلیم کی بہتری کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی آئین وقانون سمیت عوامی عدالت سے رجوع کریگی ، بی اے بی ایڈ سے کم تعلیمی قابلیت رکھنے والے اساتذہ کوریٹائرڈ کرنے کا اعلان حکومت وقت کا قوم کیساتھ مذاق ہے ،جو حکومت بھاری تنخواہوں ، مراعات پر اساتذہ کو حاضر نہیں رکھ سکتی وہ اساتذہ کو پنشن مراعات دیکر کسیے ریٹائرڈ کرینگے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان میں میاں نوازشریف نے جو گل کھلائے ہیں اب وہ کسی صورت میں اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میں بھی میاں نوازشریف کی دھاندلی زدہ حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت قائم کریگی ، بلائول بھٹو زرداری آئندہ پاکستان کے وزیراعظم ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں پارٹی کی تنظیم نو کاکام شروع کردیاگیاہے ۔ بلدیاتی انتخابات جب بھی ہوئے پیپلزپارٹی کلین سویپ کریگی ۔